میرپور (بی بی سی)وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کے ویژن کے مطابق لوگوں کو معیاری ہیلتھ سروسز فراہم کرنے کے لیے چیف سیکرٹری کی ہدایت پر پرنسپل سٹاف آفیسر برائے چیف سیکرٹری آزادکشمیر میجر (ر)ناصر رفیق نے ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال میرپور اور کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا تفصیلی دورہ کیا۔دورہ کے دوران انھوں نے ہسپتال کی پرانی،نئی اور زیر تعمیر عمارات کا معائنہ کیا جبکہ انھوں نے ایمرجنسی ہیلتھ سروسز،لیب،بلڈ بینک،مریضوں کے لواحقین کے بیٹھنے کے لیے جگہ اور آرام گاہ سمیت ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عامر عزیز نے انھیں ہیلتھ سروسز سمیت دیگر سہولیات اور مراعات کے حوالے سے بریفنگ دی اور مسائل سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر انھیں بتایا گیا کہ ڈویژنل ٹیچنگ ہسپتال 500بستروں پر مشتمل ہے جس کی فیز ون کی ایک عمارت ہسپتال کے حوالے ہوچکی ہے جبکہ زیر تکمیل عمارت پر 40فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ہسپتال کے زیر استعمال بلڈنگ میں ہیٹنگ اور کولنگ سسٹم نہیں رکھا گیا جس کے باعث مریضوں کے علاج معالجہ کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ زیر تعمیر بلڈنگ میں بھی ہیٹنگ اینڈ کولنگ سسٹم شامل نہیں ہے۔کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 20سال سے کام کررہا ہے جبکہ ہسپتال میں کیتھ لیب کی سہولت کے باعث انجوگرافی ہورہی ہے جبکہ کارڈک سرجن نہ ہونے کے باعث دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو ہارٹ سرجری کے لیے اسلام آباد اور دیگر شہروں میں ریفر کرنا پڑتا ہے۔KICمیں صحت سہولت کا رڈ کی سہولت نہ ہونے کے باعث غریب اور نادار لوگوں کو علاج معالجہ کروانے کے لیے پاکستان کے شہروں میں جانا پڑتا ہے۔
چیف سیکرٹری آزادکشمیر کے پرنسپل سٹاف آفیسر میجر (ر)ناصر رفیق نے جملہ مشکلات تجاویز اور ضروریات کے حوالے سے یقین دہانی کروائی کہ وہ ان کے ناگزیر اور اہم معاملات کے حل کے لیے سفارشات حکومت کو ارسال کریں گے چونکہ حکومت آزادکشمیر بھر میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اس حوالے سے ہیلتھ سروسز کے متعلق سٹاف کو بھی ہدایت دی گئیں ہیں کہ وہ مریضوں کے علاج معالجہ میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو ذمہ داری کے ساتھ بروئے کار لائیں۔
0