مظفرآباد(بی بی سی)کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (KPRI)کے زیر اہتمام تیسرا سمر انٹرن شپ پروگرام مکمل ہوگیا۔ اس سلسلہ میں کشمیرریسوس سینٹر جلال آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل و ترقیات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر فیاض علی عباسی تھے ۔ کشمیرپالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام تیسرے انٹرن شپ پروگرام میں مختلف جامعات کے 30 طلبہ نے حصہ لیا یہ پروگرام ایک ماہ جاری رہا۔تقریب میں سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن کمیشن وجاہت رشید بیگ ، ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجادخان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ مہمان خصوصی فیاض علی عباسی نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلبہ کو سرٹیفکیٹس دیے اور کشمیرپالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی کاکردگی کو سراہا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فیاض علی عباسی نے کہاکہ درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے تاریخ کے ساتھ جدید رحجانات کو سیکھناناگزیر ہے ، طلبہ کو نئی اپروچ کے ساتھ ریسرچ کرتے ہوئے مسائل کاحل تجویز کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں ریسرچ کے حوالہ سے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ بہترین کام کررہا ہے ، اس ادارے کو مزید مضبوط بنائیں گے تاکہ ریسرچربہترانداز میں یہاں سے سیکھ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش ائند ہے کہ یہ ادارہ نہ صرف کشمیر کی تاریخ و تحریک کی مختلف جہتوں پر تحقیقی کام کر رہا ہے بلکہ ازادکشمیر میں سماجی ، تعلیمی اور معاشی ترقی پر بھی تحقیق کا کام کر رہا ہے۔ سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن کمیشن وجاہت رشید بیگ نے کہاکہ جدید رحجانات سے روشناس ہونے کیلئے تربیتی سیشنز بہت ضروری ہیں ، کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی طرز پر مزید ادارے بنانے کی ضرورت ہے ۔ ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجادخان نے کہاکہ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل ازاد کشمیر میں پہلا تھنک ٹینک ہے ۔ اس ادارہ نے مختلف موضوعات پر ورکشاپس، سیمینارز، کانفرنسوں اور تربیتی ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا۔ ازاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور نوجوانوں کے درمیان مکالمہ کے لیے پلیٹ فارم مہیا کیا۔ اس سال حکومت ازادکشمیر کو انٹرنیشنل سمر سکول کے انعقاد کے لیے بھی تحریک کریں گے۔ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا ریسرچ جرنل نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک جامعات میں پڑھا جاتا ہے اور اس کی تحقیق سے استفادہ کیا جاتا ہے۔ (KPRI) سے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کا Alumniنیٹ ورک بنایاجارہا ہے تاکہ وہ جس فورم پر بھی جائیں اس خطہ اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے اپنا کردارادا کریں ۔ انہوں نے تقریب آمد پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری فیاض علی عباسی کا شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭
0