چکسواری (بی بی سی)وزیر امور منگلا ڈیم و ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید نے کہا ہے کہ اوورسیز کشمیریوں کا تحریک آزادی جموں و کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں بڑا اہم کردار ہے حکومت آزاد کشمیر اوورسیز کشمیریوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنھوں نے دیار غیر میں رہ کر محنت مزدوری کے ساتھ وہاں کی سیاست میں حصہ لے کر کشمیریوں کا نام روشن کیا اس طرح ان کے سالانہ کثیر زرمبادلہ سے پاکستان اور آزاد کشمیر کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ان خیالات کا کا اظہار انہوں نے اوورسیز راہنما چوہدری احمد خان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق مشیر چوہدری یاسر ممتاز بھی موجود تھے۔اوورسیز راہنما نے انہیں وزارت امور منگلا ڈیم و ہاؤسنگ اتھارٹی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ متاثرین منگلا ڈیم اور منگلا ریزنگ پراجیکٹ کے متاثرین کے جملہ مسائل حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔وزیر امور منگلا ڈیم و ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید نے کہاکہ متاثرین منگلا ڈیم کی پاکستان کی معیشت،زراعت اور برقی توانائی کے لئے دی جانے والی وہ قربانیاں ہیں جس سے پاکستان روشن اور سرسبز ہے پاکستان کشمیریوں کی منزل اور بقا کا ضامن ہے۔متاثرین منگلا ڈیم کے بہت سارے ایشو پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم جناب چوہدری عبدالمجید نے حل کیے تھے۔متاثرین اور بے گھر افراد کو مالکانہ حقوق بھی دیئے تھے اب متاثرین کے ذیلی کنبہ جات کی آبادکاری کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا۔انھوں نے کہاکہ سیاست خدمت کا نام ہے اور میری کوشش ہے کہ سیاست کے نام پر اپنے حلقہ کے عوام اور سابق وزیراعظم جناب چوہدری عبدالمجید کی سیاسی و اخلاقی روایات کو قائم رکھتے ہوئے بلاتخصیص لوگوں کے کام کروں جس سے لوگوں کے مسائل کم ہوں گے۔ متاثرین منگلا ڈیم کے لیے بنائے جانے والے نیوسٹی اور سمال ٹاؤنز میں بھی جدید سہولیات اور مراعات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
0