میرپور(بی بی سی)آزاد جموں و کشمیر کے 76 ویں یوم تاسیس کے موقع پرسپریم کورٹ رجسٹری برانچ میرپورکے سبزہ زار پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔پرچم کشائی کی تقریب میں سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس خواجہ محمد نسیم،سپریم کورٹ کے جج جسٹس رضا علی خان،چیف الیکشن کمشنر عبدالرشید سلہریا،کسٹوڈین چوہدری خالد یوسف،ایڈووکیٹ جنرل خواجہ مقبول وار،سابق چیف جسٹس اعظم خان،سابق جج ہائی کورٹ چوہدری جہانداد،سابق جسٹس چوہدری محمد مشتاق،سابق چیئرمین احتساب بیورو راجہ غضنفر علی خان، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ اطہر خان،کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت علی،ڈی آئی جی چوہدری سجاد حسین، ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض،ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم،سابق جسٹس مظہر کلیم،وائس چیئرمین بار کونسل راجہ ندیم خان،صدر سپریم کورٹ بار راجہ سجاد خان، مرکزی چیئرمین ضلع زکواۃ چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ، صدر ڈسٹرکٹ بار کامران طارق ایڈووکیٹ،سابق وائس چیئرمین راجہ خالد محمود،بانی وائس چیئرمین چوہدری منصف داد،سابق صدر سپریم کورٹ بار سید نشاط کاظمی کے علاوہ سینئر وکلاء اور سپریم کورٹ رجسٹری برانچ کے ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیف جسٹس آزاد کشمیر راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ آزادی بڑی نعمت ہے آج سے 76سال قبل ہمارے آباؤ اجداد نے ڈوگرا حکومت کے خلاف بغاوت کرکے ریاست جموں وکشمیر کا ایک حصہ آزاد کروایا تھا۔آزادی کے لیے شہداء نے اپنے لہو کی جو قربانیاں دی ہیں اسی وجہ سے آج ہم آزاد خطہ میں آزادی سے سانس لے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ 19جولائی 1947کو قرارداد الحاق پاکستان منظور کرکے ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں نے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کیا تھا آج بھی مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں بھارتی بربریت اور جبر کے خلاف کشمیری سراپا احتجا ج ہیں اور اپنی منزل پاکستان کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔وہ دن زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کو برداشت کرنے والے کشمیری ہمارے ساتھ مل کر آزادی کا سانس لیں گے اور ہم سب حقیقی معنوں میں آزادی منائیں گے۔
0