0

آزاد جموں و کشمیر حکومت کا 76 واں یوم تاسیس ضلع میر پور میں نہایت ہی عقیدت واحترام اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا

میرپور(بی بی سی) آزاد جموں و کشمیر حکومت کا 76 واں یوم تاسیس ضلع میر پور میں نہایت ہی عقیدت واحترام اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ جب تک بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ ریاست جموں وکشمیر آزاد نہیں ہو جاتی اس وقت تک کشمیری اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یوم تاسیس کے سلسلہ میں مرکزی تقریب میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زارپرمنعقد ہوئی۔کمشنر چوہدری شوکت علی، ڈی آئی جی چوہدری سجاد حسین، ڈپٹی کمشنریاسر ریاض نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے پرچم کشائی کی۔ ٹھیک08:58 بجے سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔ پولیس کے چاک چوبند دستے نے سلامی پیش کی،آزادکشمیر اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر مرکزی چیئرمین زکواۃ کونسل چوہدری محمد صدیق،صدر آزاد کشمیر کے کوارڈینیٹر امجد محمود چوہدری،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد،ڈپٹی میئر محمد رمضان چغتائی،ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر سید صابر حسین شاہ،افسر مال تنوید السلام،تحصیلدار عمران یوسف،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، ایس ڈی او برقیات سید قیصرشیراز کاظمی،میونسپل کارپوریشن و ضلع کونسل کے کونسلرز حضرات، صحافیوں،سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی، پاکستان کی سلامتی، ترقی وخوشحالی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء اورغازیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات کااعادہ کیاگیاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ ریاست جموں وکشمیر کوبھارت کے ناجائز تسلط سے آزادکروانے کے لیے کشمیری اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ضلع میرپور میں ڈڈیال،اسلام گڑھ،چکسواری سمیت دیگر سکولوں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بھی یوم تاسیس کی تقاریب منعقد ہوئیں جس میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں