میرپور (وائس آف پاکستان)آزاد جموں وکشمیر حکومت کے سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل دنیا کے بڑے دہشت گرد ممالک ہیں جنھوں نے دنیا کے امن کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر اور اسرائیل فلسطینیوں کو مولی اور گاجر کی طرح کاٹ رہا ہے لیکن عالمی امن کے علمبرداروں سمیت اقوام متحدہ بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے اگر اسرائیل کی طرف سے فلسطین پر مسلط کی گئی جنگ کو نہ روکا گیا تو اس سے دنیا کا امن تباہ ہوجائیگا۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ بھارت نے ریاست جموں وکشمیر کے ایک بڑے حصے پر اپنا غاصبانہ اور جابرانہ تسلط قائم کر رکھا ہے گزشتہ 76سالوں سے بھارت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کے تمام ہتھکنڈے استعمال کرکے دیکھ لیے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد کرنے میں ناکام رہا ہے۔05اگست2019کے بعد بھارت کی مسلح افواج نے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کو فوجی محاصرے میں رکھا ہے نہتے کشمیریوں کو گھروں میں قید کر رکھا ہے اور ریاست جموں وکشمیر کی قدیم تاریخی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے بھارت غیر ریاستی افراد کو مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں لاکھوں کے حساب سے ڈومیسائل جاری کردیے ہیں اور مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں ہندؤوں کی آبادکاری کرکے آبادی کے تناسب کوتبدیل کررہا ہے۔اقوام متحدہ بھارت کے ان ظالمانہ اقدام کی روک تھام کرے اور نہتے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی پر مسلط کی گئی جنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی طاقتوں اقوام متحدہ اور او آئی سی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
0