میرپور(بی بی سی)کمشنر چوہدری شوکت علی اور ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر خالد محمود چوہان نے کہاہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر اور حکومت آزاد کشمیر نے مہنگائی میں اضافے کے باعث مشکلات کو دیکھتے ہوئے حالیہ بجلی کے ٹیرف میں اضافہ واپس لے لیا ہے اور بجلی کے حالیہ ٹیرف کی جانچ پڑتال کے لئے وزراء حکومت پر اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔حکومت نے صارفین بجلی سے جولائی کے سابقہ ٹیرف کے مطابق ہی بجلی بلات وصول کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں جس پر محکمہ برقیات کا عملہ مکمل عملدرآمد کرئے اس حوالے سے محکمہ برقیات نے بھی بلات وصولی کی آخری تاریخ 25 سے بڑھا کر 28 تاریخ تک کر دی ہے۔ محکمہ برقیات صارفین سے اوسط میٹر ریڈنگ کا خاتمہ کرئے اور نئے میٹر نصب کروائے۔ بلات کی ریڈنگ کے نظام کو صاف شفاف بنایا جائے اور صارفین کی جائز شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژن کے تینوں اضلاع میرپور،کوٹلی اور بھمبر کی انتظامیہ کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں چیف انجینئر برقیات طاہر محمود رتیال،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال،ایس ایس پی راجہ عرفان سیلم اور انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک موجود تھے۔جبکہ کوٹلی میں ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز،ایس ایس پی ریاض مغل،ایس سی برقیات سردار مبشر سرفراز اور دیگر افسران جبکہ بھمبر کے ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد محمود جرال اور ایس ایس پی راجہ محمد اکمل خان نے شرکت کی۔
اجلاس میں تینوں اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور جملہ انتظامی افسران کو ہدایات دی گئیں کہ وہ بجلی کے بلات کی وصولی سابق ٹیرف کے مطابق ہی وصول کرنے کے لئے سب ڈویژن کی سطع پر سابقہ ٹیرف کے مطابق بلات کی درستگی کر کے صارفین کو دیں بلات درستگی کا دائرہ سب انجینئرز برقیات تک بڑھایا جائے اور عوام کو جو ریلیف مل سکتا ہے وہ فوری فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ شدید گرمی کے باعث اس مرتبہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہوئی یہ بھی حکومت اورمحکمہ برقیات کی بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے بجلی کے حالیہ ٹیرف کا معاملہ حکومت کی بنائی گئی کمیٹی کے ذمہ ہے کمیٹی کے فیصلوں تک انتظار کرنا چاہیے۔انہوں نے محکمہ برقیات کے افسران کو ہدایات دیں کہ وہ ڈویژن بھر میں بلاتعطل بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائیں جہاں کہیں بجلی کاٹرانسفارمر جل جائے اس کا فوری تدارک کیا جائے۔کم وولٹیج کا معاملہ حل کیا جائے اور لائن لاسز میں کمی لانے سمیت بجلی کی چوری کی بھی روک تھام کو یقینی بنایا جائے اس طرح صارفین بجلی کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے محکمہ برقیات اپنی سروسز کو مزیدبہتر بنائے تاکہ عوام الناس کو بروقت سروسز مل سکیں۔
0