0

تجاوزات کے خاتمہ کے لیے اپریشن کلین اپ شروع کریں


میرپور (بی بی سی)ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے احکامات کے حوالے ریو نیو افسران کو ہدایات دیں کہ وہ سرکاری رقبہ جات کے تحفظ کو یقینی بنائیں تجاوزات کے خاتمہ کے لیے اپریشن کلین اپ شروع کریں۔ پرائس کنٹرو ل کے حوالے سے کسی کے ساتھ رو رعایت نہ برتی جائے قانون و قاعدے اور دفتری ڈسپلن کی پابندی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ریو نیو افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر ریاض، اسسٹنٹ کمشنر سردار عبدالقادر، اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال سردار فیصل مغل، اسسٹنٹ کمشنر اسلام گڑھ حسام ساجد، افسر مال تنویر الاسلام، تحصیلدار عمران یوسف، تحصیلدار ڈڈیال رضوان لطیف، تحصیلدار اسلام گڑھ سید کلیم عباس شاہ، نائب تحصیلدار الطاف چوہدری نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال نے جملہ ریو نیوافسران سے کہا کہ وہ زمینوں کے متعلق ریکارڈ کی درستگی، مختلف زیر التواء مقدمات کے فیصلہ جات، لوگوں کو زمینوں کی نقول کی فراہمی، باشندہ ریاست بنوانے کے حوالے سے جملہ کیسز فوری طور پر حل کریں۔ جائز کام کے حوالے سے کوئی التواء نہیں ہونا چاہیے البتہ سفارش یا رشوت کے باعث کسی قسم کا کوئی ناجائز کام نہ کیاجائے تمام امور قانون وقاعدے کے مطابق سرانجام دیے جائیں۔دفتری امور میں ڈسپلن کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔انھوں نے صحت و صفائی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں