
مظفرآباد(بی بی سی)سپریم کورٹ کے فیصلہ عنوانی عطاء الہی عباسی بنام آزاد حکومت وغیرہ کی تعمیل میں ویمن یونیورسٹی باغ کی تعمیر کے سلسلہ میں کوارٹر لی پراگریس رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش، چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کو وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ ڈاکٹر عبدالحمید پیرزادہ نے رپورٹ پیش کر دی۔ سپریم کورٹ آزادجموں وکشمیر نے مقدمہ عنوانی عطاء الہی عباسی بنام آزادحکومت وغیرہ میں ویمن یونیورسٹی باغ کی تعمیر کے منصوبہ کے لیے رقبہ کے حصول اور تعمیر کے لیے احکامات جاری کرتے ہوئے وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ کو حکم دیا تھا کہ اس قومی منصوبہ کی تعمیر اور حصول اراضی کے لیے کوارٹرلی پراگریس رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جائے۔وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کے لیے 2054کنال اراضی کا قبضہ حاصل کر لیا گیا ہے اور باؤنڈری وال کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ پی سی ون کے مطابق اکیڈمک بلاک کی تعمیر پر بھی کام ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر کا یونیورسٹی کے لیے رقبہ کا حصول، قبضہ اور تعمیر میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کا حکم۔ رجسٹرار سپریم کورٹ متعلقہ حکام کو پابند بنائیں کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ اس قومی منصوبہ کے لیے رقبہ کے حصول، قبضہ اور باؤنڈری وال کی تعمیرات میں حائل ہو تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسی رکاوٹ کا فوری تدارک کیا جائے تاکہ یہ قومی نوعیت کا منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ وائس چانسلر نے چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر کو ویمن یونیورسٹی باغ کے دورہ اور بریفنگ کی دعوت دی۔
0