0

سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک سردار جاوید ایوب کی ہدایت


مظفرآباد (بی بی سی)سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک سردار جاوید ایوب کی ہدایت پر محکمہ زراعت میں سوموار میٹنگز گذشتہ سال جولائی سے جاری ہیں۔ 27مارچ 2023ء کو 36ویں سوموار میٹنگ کے بعد اب تک آز اد کشمیر بھر میں 8151میٹنگز منعقد ہو چکی ہیں جن میں شرکاء کی تعداد 94637ہے۔ تمام اضلاع میں گاؤں کی سطح پر زمینداران کے مسائل حل کرنے کے لیے محکمہ زراعت کے فیلڈ اہلکاران کے علاوہ آفیسران بھی ان میٹنگز میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ اب تک ہونے والی تمام میٹنگز میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ہے جن کو دیگر زرعی سرگرمیوں کے علاوہ کچن گارڈنگ اور زرعی اجناس کی value addition کے بارے میں متعدد تربیت ہاء فراہم کی گئی ہیں۔ ضلع مظفرآباد میں محکمہ کے women extension wing کی جانب سے خواتین کے لیے تربیت ہا ء کا انعقاد کر کے انہیں اچار، سکوائش، جیم اور جیلیز بنانے کا طریقہ عملی طور پر سکھایا جاتا ہے۔ اس طرح کی تربیت ہاء سے مقامی سطح پر پیدا ہونے والے پھلوں کا ضیاع نہیں ہوتا اور یہ خواتین کی آمدن کا بھی باعث بنتی ہیں۔ رواں موسم سوموار میٹنگز میں زمینداران کی ڈیمانڈ اور ضرورت کے عین مطابق جنگلی سور کے تدارک، کچن گارڈنگ اور شجرکاری و شجرپروری کی تربیت ہاء منعقد کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں زمینداران کے تمام تر مسائل اُن کی دہلیز پر حل ہو رہے ہیں۔ جس سے عوام کی زراعت میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ یہ میٹنگز بیشتر علاقوں میں محکمہ زراعت، امور حیوانات اور آبپاشی مشترکہ طور پر بھی منعقد کرتے ہیں۔ اس سے نہ صرف محکمہ جات کے باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوا ہے بلکہ زمینداران کے لیے بھی مزید آسانی پیدا ہوئی ہے۔ ہفتہ وار منعقد کی جانے والی اِن میٹنگز میں سیکرٹری زراعت اور ناظم اعلیٰ زراعت بھی شرکت کرتے ہیں تاکہ زمینداران کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور ان کا اعتماد محکمہ جات پر بڑھایا جا سکے۔ محکمہ زراعت کی جانب سے ریاست بھر کے زمینداران سے بار ہا اپیل کی گئی ہے کہ اپنے زرعی مسائل کے فوری حل اور جدید زرعی ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے سوموار میٹنگز میں بھرپور شرکت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں