0

مارچ 2023 یوم پاکستان کے تاریخی موقع پر


بھمبر( بی بی سی)23 مارچ 2023 یوم پاکستان کے تاریخی موقع پر گورنمنٹ ماڈل پائلٹ سیکنڈری سکول بھمبر آزاد جموں و کشمیر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد زیر صدارت جناب محمد اعجاز خاں پرنسپل گورنمنٹ ماڈل پائلٹ سیکنڈری سکول بھمبر کیا گیا ۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی جناب محمد شفیق اصغر ڈسٹرکٹ سکاؤٹ کمشنر بھمبر / DEO بھمبر ، مہمانان گرامی ، اساتذہ کرام ، سکاؤٹ لیڈرز ، سکاؤٹس اور صحافیوں سمیت مختلف شبعہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، جب کہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض زاہد عالم چودھری سکاوٹ لیڈر / سنئیر مدرس گورنمنٹ ماڈل پائلٹ سیکنڈری سکول بھمبر نے باطریق احسن سر انجام دئیے تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے محمد اصحاب شفیق سکاوٹ گورنمنٹ ماڈل پائلٹ سیکنڈری سکول بھمبر نے کیا ، گلہائے عقیدت بحضور سرور عالم حضرت محمد خاتم النبیین صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم آمنہ زاہد شاہین سکاؤٹ گورنمنٹ زینیا اسکاؤٹس اوپن گروپ بھمبر نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ، ملی نغمات عثمان رضا اسکاؤٹس گورنمنٹ ماڈل پائلٹ سیکنڈری سکول بھمبر ، عروش زاہد اور آمنہ زاہد زینیا سکاؤٹس اوپن گروپ بھمبر ۔ تقاریر واصف علی واصف اسکاؤٹ گورنمنٹ ماڈل پائلٹ سیکنڈری سکول بھمبر اور آمنہ زاہد شاہین سکاؤٹ زینیا سکاؤٹس اوپن گروپ بھمبر نے 23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے کیں ۔ محمد شفیق اصغر ڈسٹرکٹ سکاؤٹ کمشنر/ ڈی ای او بھمبر ، محمد اعجاز خاں پرنسپل گورنمنٹ ماڈل پائلٹ سیکنڈری سکول بھمبر اور زاہد عالم چودھری سکاوٹ لیڈر/ سنئیر مدرس گورنمنٹ ماڈل پائلٹ سیکنڈری سکول بھمبر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے یوم پاکستان کے حوالے سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ آج سے تراسی سال قبل 23 مارچ 1940 کو لاہور کے منٹو پارک میں مسلم لیگ کا تاریخ ساز اجلاس ہوا ، جس میں قرارداد لاہور منظور ہوئی ،جس نے بعد میں قرارداد پاکستان کا نام پایا ۔ کیوں کہ اس قرارداد کی شکل میں مسلمانوں نے ایک الگ اسلامی مملکت کا مطالبہ پیش کیا تھا گویا نظریہ پاکستان کو مسلمانان بر عظیم نے ایک باقاعدہ مطالبہ کی شکل دی,مسلمانان بر عظیم نے اسلام کی سربلندی اور حکیم الامت حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللّٰہ علیہ کے تصور کی تکمیل کی خاطر قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللّٰہ علیہ کی قیادت میں تحریک پاکستان کینہ صرف بھرپور حمایت کی بلکہ اس عظیم مملکت پاکستان کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں بھی دیں ۔ تمام ہمت شکن اور صبر آزما مشکلات کے باوجود قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللّٰہ علیہ کی بے مثال فراست و قیادت اور مسلمانوں کی جرات و استقامت کی بدولت تحریک پاکستان کامیابی سے ہم کنار ہوئی اور وہ مطالبہ جسے ہندو دیوانے کا خواب کہتے تھے ، ایک زندہ جاوید حقیقت بن کر سامنے آ گیا ۔ مسلمانوں نے ہواؤں کا رخ پھیر کر پاکستان کی طرف کردیا اور 14 اگست 1947 کو آزادی حاصل کرکے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ۔ 23 مارچ 1940 کا ولولہ انگیز دن ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے ۔تقریب کا اختتام پاکستان کی سربلندی ، ترقی ، خوش حالی ، کشمیر کی آزادی ، شہداء تحریک پاکستان اور کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا سے کیا گیا ۔ دعا کی سعادت احسن سعید مدرس ادارہ ہذا نے حاصل کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں