0

وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان ن


مظفرآباد (بی بی سی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں جمہوریت کے فروغ، عوام کے حق حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے کے ایچ خورشید کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ ایک اصول پسند جمہوری شخصیت تھے جن کا مطمع نظر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور تمام ریاست کا پاکستان سے الحاق تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد ملت کے ایچ خورشید کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایچ خورشید کا تحریک پاکستان میں انتہائی کلیدی کردار ہے جو بانی پاکستان کے قریب ترین ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کے ایچ خورشید کی جمہوریت کے لئے اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے کی گئی جدوجہد کو یاد رکھتے ہوے نئی نسل کو ان سے روشناس کرانا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک نڈر،بے باک اور حق بات پر ڈٹ جانے والے لیڈر تھے۔ حضرت قائداعظم نے اپنے دورہ سرینگر کے دوران کے ایچ خورشید کا انتخاب کیا اور پھر انہوں نے اپنی محنت اور دن رات کام کے ذریعے قائد کو اپنے انتخاب کا حق ادا کر کے دکھایا۔وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کو ووٹ کا حق دلانے میں کے ایچ خورشید کا اہم کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے نئی نسل سے کہا کہ وہ کے ایچ خورشید کی حیات زندگی کا مطالعہ کریں اور اس سے رہنمائی حاصل کریں جنہوں نے میدان سیاست میں دیانت، امانت اور حب الوطنی کے منفرد ریکارڈ قائم کیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کے ایچ خورشید نے کشمیر اور پاکستان کے تعلق کو مضبوط بنایا وہ پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظریے کے بانی ہیں۔ ان کی راست گوئی اور ایمانداری کی اس سے بڑی کیا مثال ہے کہ آزاد ریاست کا صدر رہنے والا عظیم رہنماء ایک مسافر کوچ میں سفر کرتا ہوا دار فانی سے رخصت ہوا اور ان کی جیب میں فقط 37 روپے تھے۔ یہ ان کا اعلی کردار تھا جس کی بناء پر کشمیری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔
٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں