0

ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا ہے

اسلام آباد (بی بیسی)ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی نے کہا ہے کہ ٹیکس ریٹرن، زکوٰۃ کے مثالی نظام سے لے کر مہاجرین کی آبادکاری تک کے وعدوں کی تکمیل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی خصوصی ہدایت پر آزاد کشمیر بھر میں ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے اثاثوں اور ماہانہ آمدنی کی چھان بین، ہڑتالی کلچر کو فروغ دینے والے عناصر، ریاست کے کام میں بے جا خلل ڈالنے والوں اور آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات میں غیر ضروری تاخیر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ تیار کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں سخت کاروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس سلسلے میں جلد کریک ڈاؤن شروع ہوجائے گا۔توصیف عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پہلی بار وزیراعظم آزادکشمیر نے بیرون ملک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے صحافیوں کو بھی وفود میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر کی مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ بھرپور کمٹمنٹ کے نتیجے میں پہلی بار تحریک آزادی کشمیر کے لیے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنویئر معروف حریت رہنماء سید محمد فیض نقشبندی کو معاون خصوصی مقر ر کیا گیا ہے۔ چئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے تحت آزادکشمیر میں اقدامات جاری ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے گزشتہ روز ادارہ انسداد دہشتگردی کا افتتاح بھی کردیا ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر تنویر الیاس نے تاریخی اقدامات کئے ہیں جس سے نہ صرف ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی بلکہ عوام کے مسائل بھی حل ہونگے۔ معلمین کی مستقلی،ملازمین کو ان کے حقوق دلانے سمیت سردار تنویر الیا س نے ریکارڈ اقدامات کئے ہیں۔ توصیف عباسی نے کہا کہ حکومت جنگلات اور جنگلی حیات کی حفاظت اور ترقی کے لیے تمام تر وسائل برکارلارہی ہے۔ سرکاری زمین عوام کی امانت ہے اور اس پر ناجائز قبضہ کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔محکمہ جنگلات پورے آزاد کشمیر میں شجر کارری کے لئے تمام وسائل بروکار لارہا ہے دیہات میں رہنے والے لوگوں کے لئے ٹی ڈی کوٹہ کی بنیاد پر لکڑی مہیا کر رہے ہیں۔کشمیر سیاحوں کے لئے جنت ہے سیاحت کے فروغ کے لئے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں عوام کی فلاح ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں