ترکی اور شام میں قیامت خیز زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جو اب 11 ہزارسے تجاوز کر گئی ہیں۔نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ابھی تک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب متاثرین اور امدادی کاموں میں مشغول کارکنان میں خوف و ہراس کی کیفیت ہے۔ استنبول ائیر پورٹ پر ملک بھر سے امدادی رضاکاروں کا ہجوم امڈ آیا جبکہ بیرون ممالک سے امدادی سامان پر مشتمل پروازوں کی آمد بھی جاری ہے۔ترکی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق 26 ہزار افراد زخمی ہیں اور شام میں زخمیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کا کہنا ہے کہ زلزلے سے تباہ ہونے والی عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام تاحال جاری ہے ، خدشہ ہے کہ ملبے کے نیچے سے مزید لاشیں نکلیں گی ۔انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس میں ترکی اور شام میں زلزلے کے باعث ہونیوالی ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔
0