مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان سے Goc 12 Devمیجر جنرل واجد عزیر نے الوداعی ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاک فوج کی مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔ بھارت کے جارحانہ عزائم کا مقابلہ کرنا ہو یا ان کے خفیہ منصوبوں کی ناکامی،بیرونی مداخلت سے جاری دہشت گردی کی کارروائیوں کو ناکام بنانا ہو یا اندرون ملک بیٹھے ہوئے ملک دشمن عناصر کی سرکوبی، ہر میدان میں پاکستانی افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ملک کو جب بھی اپنی فوج کی ضرورت پڑی تو انہوں نے احسن انداز میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دی۔ ہماری فوج میں تمام چیلنجر سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ہماری مایہ ناز فوج پروفیشنل ازم کی وجہ سے دنیا کی افواج کے لیے رول ماڈل ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میں پاک فوج کے ہر شہید کی شہادت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔ پاک فوج نے اندرون ملک اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک اقوام متحدہ کے امن مشن کے ساتھ بھی اپنی خدمات سرانجام دی ہیں اور دنیا نے پاکستانی افواج کی خدمات کا ہر مقام پر اعتراف کیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے شہداء اور انکے خاندانوں کے حوالہ سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگ اپنی فوج کا ہر اول دستہ ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے میجر جنرل واجد عزیر کی نئی تعیناتی پر انکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
0