لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ہم سب جانتے ہیں کہ بہتر نیند ہماری ذہنی و جسمانی صحت کے لیے کس قدر ناگزیر ہوتی ہے اور بہتر نیند کے لیے مناسب وقت پر سونا لازمی ہوتا ہے۔ ہر شخص کے لیے سونے کا بہترین وقت الگ ہوتا ہے اور اکثر لوگ اپنے اس بہترین وقت سے لاعلم ہوتے ہیں۔ اب ایک ماہر نے نیند کے اس بہترین وقت کو پہچاننے کا طریقہ بتا دیا ہے۔دی مرر کے مطابق ماہرین نیند کے بہترین وقت کو ’سلیپ ونڈو‘ (Sleep Window)کا نام دیتے ہیں اور تمام لوگوں کی سلیپ ونڈو رات ساڑھے 9سے ساڑھے 11کے درمیان ہوتی ہے۔ جو شخص اپنی سلیپ ونڈو میں سو جاتا ہے اس کی نیند معیاری ہوتی ہے۔کینڈوش کیئر نامی فرم سے وابستہ ماہر کلوئے اینگس کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اپنی سلیپ ونڈو کو پہچاننے کے لیے رات ساڑھے 9بجے سے ساڑھے 11بجے کے درمیان مختلف اوقات میں سو کر تجربہ کرنا چاہیے۔اس دورانیے میں آپ جس وقت بھی سوئیں، اس کے بعد 8گھنٹے کی نیند لیں اور اپنی نیند کے معیار کا جائزہ لیتے رہیں۔کلوئے اینگس کا کہنا تھا کہ اس طریقے سے جس وقت پر آپ کو سب سے بہتر نیند آئے اور آپ صبح ہشاش بشاش بیدار ہوں، وہ آپ کی سلیپ ونڈو ہو گی اور آئندہ اس سلیپ ونڈو میں سونا معمول بنا لیں۔اس کے علاوہ نیند کو بہترین بنانے کے لیے کیفین کا استعمال کم کریں، رات کو دیر سے کوئی چیز مت کھائیں۔رات کو سونے سے قبل موبائل فون یا کوئی بھی الیکٹرانک ڈیوائس استعمال مت کریں۔
0