0

مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن اور چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم محترمہ سمعیہ ساجد

مظفرآباد(بی بی سی)مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن اور چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم محترمہ سمعیہ ساجد نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری کشمیری قوم بالخصوص مسلم کانفرنس کی قیادت اور کارکنان وطن عزیز کی بہادر افواج پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ جرات، استقامت اور قربانی کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے۔ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے جس انداز میں دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا ہے وہ قابل تحسین اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارتی اشتعال انگیزی اور سرحدی خلاف ورزیوں کے بعد افواج پاکستان کا بروقت اور منہ توڑ ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، پاک فوج نے ایک مرتبہ پھر دشمن کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو وہی زبان میں جواب دیا جائے گا جو وہ سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا کے نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔محترمہ سمعیہ ساجد نے کہا کہ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں مسلم کانفرنس نے ہمیشہ افواج پاکستان سے محبت، وفاداری اور نظریاتی وابستگی کا عملی ثبوت دیا ہے، آج جب دشمن چاروں طرف سے پاکستان پر ہائبرڈ جنگ مسلط کر چکا ہے، مسلم کانفرنس کی قیادت اور کارکنان افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، ہم ہر اس سازش کو ناکام بنائیں گے جو ملک، نظریہ اور افواج پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ایک نظریاتی جماعت ہے جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جماعت مسلم لیگ کی روحانی وارث ہے، اور افواج پاکستان سے اس کا تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ ایمانی، فکری اور نظریاتی بنیادوں پر قائم ہے۔ محترمہ سمعیہ ساجد نے کہا کہ کشمیر کی بیٹیاں افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے مادر وطن کی حرمت کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، آج ہر کشمیری بچہ، جوان، بزرگ اور عورت افواج پاکستان کے ساتھ ہے، لائن آف کنٹرول پر بسنے والی ہماری مائیں اور بہنیں پاک فوج کو اپنا محافظ سمجھتی ہیں اور ان کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتی ہیں۔ مسلم کانفرنس کی خواتین ونگ افواج پاکستان کی مکمل پشت پناہی کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان کی سلامتی، بقا، دفاع اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ محترمہ سمعیہ ساجد نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل اشتعال انگیزی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور جنگی جنون جنوبی ایشیا کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے نہ صرف سرحدوں پر بلکہ اندرون ملک دہشت گردوں، سازشی عناصر اور وطن دشمن قوتوں کے خلاف جو قربانیاں دیں وہ تاریخ کا روشن باب ہیں، مسلم کانفرنس ان شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہماری عزت، غیرت، وقار اور نظریے کی محافظ ہیں، ان کے خلاف ہونے والی ہر سازش دراصل پاکستان کے خلاف سازش ہے جسے ناکام بنانے کے لیے ہر محب وطن پاکستانی کو کردار ادا کرنا ہوگا، مسلم کانفرنس کی خواتین ہر میدان میں اپنی افواج کی حمایت میں پیش پیش ہیں، چاہے وہ فکری محاذ ہو، تعلیمی ادارے ہوں یا سوشل میڈیا، ہم اپنی افواج کی حمایت کو اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔ سمعیہ ساجد نے کہا کہ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں آج بھی مسلم کانفرنس ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے جو پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ غیر مشروط وابستگی رکھتی ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور افواج پاکستان اس شہ رگ کی محافظ ہیں، لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ افواج پاکستان کا ہر قدم کشمیری عوام کے دفاع اور حمایت میں اٹھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کو خبردار کرتے ہیں کہ کشمیری نہ دبائے جا سکتے ہیں، نہ جھکائے جا سکتے ہیں اور نہ خریدا جا سکتا ہے، جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے، وہ پاکستان کے ساتھ وفادار اور افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری کی داستانیں ہماری تاریخ کا حصہ ہیں، وہ قومیں کبھی شکست نہیں کھاتیں جن کی مائیں اپنے بیٹوں کو وطن پر قربان کرنے کا حوصلہ رکھتی ہیں، ہم ان ماو?ں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی گودوں کے چراغ وطن پر قربان کیے اور ان غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے لیے اپنا خون بہایا۔ سمعیہ ساجد نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک جسم اور روح کا رشتہ رکھتے ہیں، پاک فوج اس رشتے کی محافظ ہے، ہماری دعائیں، محبتیں اور دعوے سب کچھ افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، مسلم کانفرنس کی خواتین آج اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا اور پاکستان کو داخلی و خارجی استحکام حاصل نہیں ہو جاتا، ہماری جدوجہد اور ہماری وفاداری جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں