0

آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے زیراہتمام صلاؤ میں کشمیر بنے گا پاکستان

آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے زیراہتمام صلاؤ میں کشمیر بنے گا پاکستان / تکمیلِ پاکستان کنونشن کا شاندار انعقاد سمعیہ ساجد کی جانب سے مبارکباد
مظفرآباد (بی بی سی )مرکزی چیئرپرسن خواتین ونگ مسلم کانفرنس سمعیہ ساجد نے مسلم کانفرنس برطانیہ کے زیر اہتمام سلاؤ میں ”کشمیر بنے گا پاکستان / تکمیلِ پاکستان کنونشن” کا عظیم الشان انعقاد کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ بھر سے مسلم کانفرنس کے عہدیداران، کارکنان اور وابستگان نے کنونشن میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کر کے تحریک آزادی کشمیر سے اپنی لازوال وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا۔کنونشن کی نمایاں خصوصیت خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت رہی، جس نے تحریک آزادی میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کی بھرپور عکاسی کی۔ خواتین کی شرکت نے ثابت کر دیا کہ کشمیری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں بھی آزادی کی جدوجہد میں صفِ اوّل کا کردار ادا کر رہی ہیں۔کنونشن کی کامیاب میزبانی اور شاندار انعقاد پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن سمعیہ ساجد نے مسلم کانفرنس برطانیہ کے تمام عہدیداران، کارکنان، منتظمین اور خصوصی طور پر خواتین شرکاء کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ سمعیہ ساجد نے کہاکنونشن کا کامیاب انعقاد اس بات کا بین ثبوت ہے کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان آج بھی اپنی تاریخی جدوجہد، اصولی موقف اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے تن دہی اور اخلاص سے سرگرمِ عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ تکمیلِ پاکستان کا خواب اسی وقت شرمندہ تعبیر ہوگا جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ سمعیہ ساجد نے مزید کہا ہے کہ کنونشن موجودہ نازک صورتحال کے تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل رہا۔ ہندوستان میں انتہا پسند حکومت کے مظالم، مقبوضہ کشمیر میں معصوم سیاحوں کے قتل عام اور سیزفائر لائن پر اشتعال انگیزی کے تناظر میں، کشمیری عوام کی پاکستان سے غیر متزلزل محبت اور تحریک آزادی سے وابستگی کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت تھی۔سمعیہ ساجدنے زور دیا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے اور اب جنوبی ایشیا میں کشیدگی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں کشمیریوں کی ذمّہ داری ہے کہ پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے کو مزید مضبوط بنائیں اور بھارتی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ کشمیری عوام کے پیدائشی حق، حق خودارادیت اور ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی کے لیے ناقابلِ مصالحت جدوجہد کی ہے۔ سلاؤ کنونشن اسی تسلسل کا روشن مظہر ہے، جو نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کو تقویت دے گا بلکہ بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کو بھی دنیا کے سامنے بے نقاب کرے گا۔حالیہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال میں کنونشن کا انعقاد اور اس کی کامیابی کشمیری عوام کی پاکستان کے ساتھ بے لوث محبت اور تحریک آزادی سے ان کی گہری وابستگی کا عملی ثبوت بن گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں