دبئی(ڈیلی آن لائن)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مجوزہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔جیونیوز کے ذرائع کے مطابق پاکستان معاہدہ پیسے کیلئے نہیں بلکہ عزت کیلئے کرے گا، اور یہ مجوزہ معاہدہ صرف چیمپینز ٹرافی تک محدود نہیں ہوگا، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ تین سال کیلئے طے کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک برابری کی سطح پر ایک دوسرے کے خلاف آئی سی سی ایونٹس نیوٹرل وینیوز پر کھیلیں گے۔بھارتی میڈیا نے دعوٰی کیا ہے کہ چیمپینز ٹرافی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائبرڈ ماڈل قبول کرلیا ہے۔ انڈیا ٹوڈے نے ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند شرائط کے ساتھ غیر جانب دار وینیو پر بھارت کے میچ کرانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ایک شرط یہ بھی ہے کہ اگر بھارت ٹورنامنٹ میں آگے نہ بڑھ سکا تو فائنل لاہور میں کروایا جائے گا۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ اگر بھارت نے آئی سی سی کے کسی ایونٹ کی میزبانی کی تو پاکستان بھی اپنے میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی نے ایسی شرائط رکھی ہیں جن کا بنیادی مقصد پاکستان کے حقِ میزبانی کو ہر حال میں محفوظ رکھنا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس جمعہ 29 نومبر کو ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا گیا کہ اب چیمپینز ٹرافی کے انعقاد کی واحد قابلِ قبول صورت یہ ہے کہ بھارت کے میچ نیوٹرل وینیو پر کروائے جائیں۔
0