نیلم(پی آئی ڈی)مورخہ27اکتوبر2024
آزاد کشمیر بھر کی طرح ضلع نیلم میں بھی 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ آٹھمقام، شاردہ، کیل اور دیگر مقامات پر بھارت مخالف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام ہارون الرشید اعوان، ڈی ایس پی سردار ظہیر، صدر انجمن تاجران عبد الرشیداعوان کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی احاطہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز سے بنتل چوک سے ہوتی ہوئی لاری اڈہ میں اجتماع کی شکل اختیار کر گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام ہارون الرشید اعوان، صدر انجمن تاجران عبد الرشید اعوان، چئیرمین یونین کونسل نگدر خواجہ انیس علی، نوجوان سماجی رہنما ملک شرافت ودیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔جبکہ ریلی میں آفیسر مال چوہدری بشارت، فوڈ سیفٹی آفیسر خواجہ ممتاز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم،اساتذہ وکلا تاجران صحافیوں،صدر معلم پائلٹ ہائی سکول آٹھمقام ملک ظہور اور سول سوسائٹی کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ 27اکتوبرریاست جموں وکشمیرکی تاریخ میں سیاہ ترین دنوں میں سے ایک دن ہے جب قابض ہندوستان نے سرینگرائرپورٹ پراپنے فوجی اتارے اورریاست پرجابرانہ قبضہ کیا۔ہندوستان جواپنی آزادی کے ساتھ ہی ایک توسیع پسندانہ ذہنیت کی مالک قیادت کے ہاتھوں میں تھا اس نے تمام عالمی قوانین،اخلاقیات اور اصولوں کوبالائےطاق رکھتے ہوئے الحاق کی جعلی دستاویز کو بنیاد بنا کراپنے فوجی جموں وکشمیر بھجوائے اوریہ فوجی آج تک وہاں موجود ہیں اور انہوں نے ریاست کوایک فوجی چھاؤنی میں بدل دیاہے اقوام متحدہ ہویا انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیمیں وہ بھارت کوکشمیریوں پرجاری اس کے مظالم سے بازنہیں رکھ سکیں۔مقررین نے کہا کہ بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ کشمیری مجاہدین کی 76 سالہ آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی کہہ کر روک سکے گا۔ یہ جدوجہد ہر آنے والے دن میں برہان وانی اور ریاض نیکو جیسے نوجوانوں کی شہادت سے مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔بھارت خود ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہے۔ ماورائے عدالت قتل، عورتوں کی بے حرمتی، جبری گمشدگی، املاک کی تباہی رہنماؤں کی گرفتاری اور پیلٹ گنوں کا استعمال بھی کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو متزلزل نہیں کرسکتا۔ریلی کے اختتام پرملکی سلامتی وخوشحالی،مقبوضہ کشمیرکی آزادی اورشہداء کے لیے خصوصی دعابھی کی گئی۔
0