مظفرآباد(بی بی سی)آزاد جموں وکشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(AJK-TEVTA) کے زیر اہتمام وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے “ہنرمند کشمیر پروگرام” کی بنیاد پر دینی مدارس میں ووکیشنل ٹریننگ کی نسبت علماء ومشائخ سے مشاروتی اجلاس کا انعقاد TEVTA ہیڈ آفس نیو وزیراعظم ہاؤس جلال آباد میں ہوا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین AJK-TEVTA چوہدری محمد فرید نے کی۔اجلاس میں چیئرمین علماء مشائخ کونسل مولانا امتیاز احمد صدیقی، جید علما کرام، تمام مکاتب فکر کے عمائدین، مدارس کے مہتمم صاحبان سمیت TEVTA کے آفیسران نے شرکت کی۔چیئرمین علماء و مشائخ کونسل مولانا امتیاز احمد صدیقی نے ٹیوٹا کے اقدامات کی تعریف کی اور ٹیوٹا کی طرف سے مدارس میں ووکیشنل ٹریننگ شروع کرنے کے اقدامات کو سراہا۔اجلاس میں مولانا حمید الدین برکتی جامع برکاتیہ نے خصوصی آراء سے نوازا۔پہلے مرحلہ میں مدارس سے نامزد اداروں اور امیدواروں کو تربیت فراہم کرتے ہوئے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق خواتین طالبات کیلئے ڈریس میکنگ، فیشن ڈیزائننگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق تربیتی کورسز کروائے جائیں گے۔ازاں بعد سیکھنے والی امیدواران اپنے اداروں میں ٹریننگ کی سرپرستی وآغاز کریں گے۔مردانہ مدارس میں طلباء کمپیوٹر، آئی ٹی، الیکٹریکل، ویلڈنگ، ریفریجریشن اینڈائیر کنڈیشننگ یا قریبی اداروں میں جو ٹریڈ دستیاب ہو گاان میں تربیت حاصل کرتے ہوئے اپنے اداروے میں تربیت کا اہتمام کریں گے۔ اس مشن میں دیگر اضلا ع کو بھی شامل کرتے ہوئے آگہی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گااور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لیب قائم کی جائیں گی۔تربیت یافتہ بچے، بچیاں آن لائن قرآن، آن لائن علوم اسلامیہ، دنیاکے بڑے اداروں سے روابط، ٹیکنالوجی کا استعمال اور فارغ التحصیل ہو کر قومی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے حصول کے ساتھ ساتھ معاشرے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔علمائے کرام نے متفقہ طور سے تمام اقدامات کی تائید کی اور مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اس عمل میں تسلسل اور خالصتاً اللہ کی رضا کی خاطرمحنت اور لگن سے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔اداروں سے مسلسل رابطے رہنمائی اور ٹیکنیکل سپورٹ پر چیئرمین ٹیوٹا کو تحسین پیش کیا۔
