پلندری (بی بی سی)ریاست بھر کی طرح سدھنوتی میں بھی یوم حق خودارادیت منایا گیا جس کا مقصد اقوام عالم کی توجہ اقوام متحدہ کی اس قرارداد کی طرف دلانا مقصود ہے جس میں 5 جنوری 1949 کو سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے حق خودارادیت دیا تھا لیکن آج سات دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری کو ان کا حق نہیں دیا گیا۔
اس سلسلہ میں سدھنوتی کے ہیڈکوارٹر پلندری میں ایک احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی ریلی کوٹلی چوک پلندری سے شروع ہو کر بازار کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کچہری چوک پہنچی جہاں پر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کشمیریوں کو ان کا حق حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
احتجاجی ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر سردار محمد پرویز خان ، چئیرمن میونسپل کمیٹی پلندری سردار سلیم محمود اور ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ پولیس پلندری سردار طارق نے کی جبکہ ریلی میں محکمہ جات کے ضلعی آفیسران ،سٹاف، انجمن تاجران کے نمائندوں ،سول سوسائٹی ، صحافی برادری سمیت لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمن میونسپل کمیٹی پلندری سردار سلیم محمود ،ضلعی آفیسر اطلاعات ناصر لطیف ، صدر انجمن تاجران پلندری سردار شہزاد ، تحصیلدار پلندری زاہد حسین چوہان ، حافظ رضوان و دیگر مقررین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں منظور کی گئی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے ۔ مقررین نے کہا کہ ہندوستان اقوام متحدہ پر اثرانداز ہو کر کشمیریوں کے حق میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تکمیل پاکستان کے نامکمل ایجنڈا کو پورا کرنے کے پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں اور ہندوستانی فوج کے قبضہ سے مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروا کر پاکستان سے اپنا الحاق کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری آج کے دن اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ بھارتی مظالم سے کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول تک کوشش جاری رکھیں گے۔ آخر میں کشمیر کی آزادی ، پاکستان کی سالمیت اور استحکام، شہداء کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی
دریں اثنا سدھنوتی کی تحصیلوں منگ، بلوچ اور تراڑکھل میں بھی یوم حق خودارادیت منایا گیا اور اس سلسلہ میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں ۔ احتجاجی ریلیوں میں سرکاری آفیسران و اہلکاران ، سول سوسائٹی ، انجمن تاجران ،صحافیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
0