نیلم(بی بی سی)ڈائریکٹر جنرل سیاحت آزاد کشمیرمحمد مہربان چوہدری نیلم میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کا جائزہ لینے نیلم پہنچ گئے۔ سیاحتی مقام کیرن/نیلم میں زیر تعمیر کیمپنگ پیڈز و دیگر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کیمپنگ پیڈز کو بروقت مکمل کرنے کیلئے متعلقہ فرم کو کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ وہ ہفتے کے روزکیرن/نیلم میں زیر تعمیر کیمپنگ پیڈز/ ہٹس کا معائنہ کر رہے تھے۔ انہوں نے مکمل ہونے والے کیمپنگ پیڈز کا تفصیلی جائزہ لیا منصوبے کی ڈیزائننگ اور تعمیراتی میٹیریل کا جائزہ بھی لیا اور زیر تعمیر کیمپنگ پیڈز و دیگر منصوبوں کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سیاحت محمد مہربان چوہدری کو چیف ایگزیکٹو MCORP فہیم قریشی نے مکمل ہونے والے کیمپنگ پیڈز میں سیاحوں کیلئے دستیاب سہولیات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کیرن/ اپر نیلم میں تعمیر ہونے والے کیمپنگ پیڈز میں معیاری سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے فرم کو رواں سیزن سے پہلے منصوبوں کو بہر صورت فنکشنل کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس سے پہلے ڈائریکٹر جنرل محمد مہربان چوہدری کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت ملک غلام مرتضی نے سٹاف کے ہمراہ استقبال کیا اور کیمپنگ پیڈز کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سمیت نیلم میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل سیاحت محمد مہربان چوہدری نے کیرن/اپر نیلم اور دیگر سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، جملہ گیسٹ ہاؤسز کی مرمتی اور کیرن بیلہ میں فوڈ پوائنٹ کے قیام اور نیلم میں سیاحتی پوٹینشل کی حامل سائٹس کا تعین کر کے اس طرح کے مزید منصوبوں کیلئے نظامت اعلی کو تجویز ارسال کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل سیاحت محمد مہربان چوہدری نے کہا کہ کیرن/اپر نیلم میں زیر تعمیر کیمپنگ پیڈز کو رواں سیزن میں سیاحوں کیلئے مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیلم میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے نیلم میں مزید سیاحتی سائٹس کی نشاندہی کر کے سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید منصوبوں کیلئے نظامت اعلی کو تجویز ارسال کرنےکی ہدایت کی۔ اس موقع پر ٹورازم آفیسر چوہدری لعل، آفیسر اطلاعات محمد حنیف، پراجیکٹ مینجر راجہ اعجاز، سب انجینئر تصور نقوی، ٹیکنیکل سٹاف و دیگر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے سیاحتی مقام کیرن میں محکمہ سیاحت کے ریسٹ ہاوس اور ویلی ٹریکٹرز کے زیر انتظام ریسٹ ہاوس کا معائنہ کیا اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ڈائریکٹر جنرل سیاحت نیلم میں سیاحتی سائٹس کی نشاندہی کیلئے سب ڈویژن شاردہ کا دورہ کریں گے۔
