میرپور (بی بی سی)چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے آزادکشمیر میں زوبیہ نازلی سکول کے سپیشل بچے حسنین علی کو ایک دن کے لیے ضلع کونسل کا اعزازی چیئرمین کے اختیارات سونپ کر نئی مثال قائم کی ہے۔سپیشل بچوں کے ادارہ زوبیہ نازلی کے سپیشل بچوں میں سے حسنین علی کو ڈائریکٹر زوبیہ سکول خواجہ ظفر اقبال کے ہمراہ پورے پروٹوکول اور گاڑیوں کے قافلہ میں ضلع کونسل کے دفتر لایا گیا جہاں چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،صدر آزادکشمیر کے کوارڈنیٹر چوہدری امجد محمود،ڈسٹرکٹ کونسلرز اور ضلع کونسل سٹاف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا انھیں ہار پہنائے گے اور چیئرمین ضلع کونسل کی نشست پر بٹھایا گیا۔چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے سپیشل بچے حسنین علی کو ایک دن کے لیے اعزازی چیئرمین ضلع کونسل کا نوٹیفکیشن دیا جس کے بعد سپیشل بچے نے باقاعدہ تلاوت کلام پاک سے دفتری امور کا آغاز کیا۔
اس موقع پر اعزازی چیئرمین ضلع کونسل نے ضلع کونسل ہال مسیح برادری کو 20اور25دسمبر کرسمس کے تہوار کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دی اور بیماری کی حالت میں رخصت پر ملازمین کی چھٹیوں کی منظوری دی جبکہ خانپور کے ایک وفد نے بھی چیئرمین ضلع کونسل سے ملاقات کی اور اپنے علاقہ کی سڑک کی عدم تکمیل کے بارے میں درخواست پیش کی۔اعزازی چیئرمین نے جملہ فائلز کو دوبار پڑھنے اور اس پر مشاورت کے بعد ان مسائل کو حل کرنے کے احکامات دیے۔اعزازی چیئرمین حسنین علی نے پراعتماد انداز میں اپنی سیٹ اور عہدے پر برجمان رہے اور کہاکہ چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا کا بڑا پن ہے جنھوں نے سپیشل بچوں میں سے مجھے ایک دن کے لیے اعزازی چیئرمین کے اختیارات سونپے ہیں۔اس موقع پر کمشنر چوہدری شوکت علی،صدر آزادکشمیر کے کوارڈنیٹر چوہدری امجد محمود،میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد او ر زوبیہ نازلی سکول کے ڈائریکٹر خواجہ ظفر اقبال نے چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا کی اس کاوش کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہاکہ سپیشل بچے ہمارے معاشرہ کا حصہ ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
؎ چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ آج مجھے دلی مسرت ہوئی ہے کہ میں نے ایک ایسے بچے کو اہم ذمہ داری سونپی ہے جو کئی طرح سے معذور ہے میری خواہش تھی کہ اس طرح کے بچوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے۔حسنین علی نے اعزازی چیئرمین کی حیثیت سے ثابت کیا کہ وہ جسمانی معذور ہیں لیکن ان کی اس عہدے کے لیے صلاحیتوں میں کوئی کمی نہیں ہے۔اس طرح کی حوصلہ افزائی سے سپیشل بچوں کے اعتماد سازی کو فروغ ملے گا۔
اعزازی چیئرمین ضلع کونسل حسنین علی نے مصروف ترین دن گزار ا،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا دفاتر میں آنے والے لوگوں کا اعزازی چیئرمین کا تعارف کرواتے رہے۔سیاسی وسماجی حلقوں نے راجہ نوید اختر گوگا کی اس کاوش کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے یہ آزادکشمیر کی تاریخ میں واحد مثال ہے جس میں ایک سپیشل بچے کو ایک دن کے لیے اعزازی عہدے سے نوازا گیا ہے۔
0