مظفرآباد(بی بی سی)آزاد جموں و کشمیر کے وزیر سیاحت، آثار قدیمہ و معدنی وسائل سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پرائیویٹ سیکٹر کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے لیے پیشہ وارانہ بنیادوں پر سیاحتی منصوبہ جات شروع کیے جائیں گے۔ماسٹر پلاننگ کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کی خدمات حاصل کریں گے۔محکمہ کے آفیسران کو اپنی استعداد کار بڑھانے کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیادوں پر کارکردگی دکھانی ہوگی۔کوتاہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ضلعی آفیسران پندرہ ایام میں ضلعی سطح کے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کریں۔وہ ٹورازم کمپلیکس کے دورے کے دوران محکمہ سیاحت کے آفیسران کے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے۔اس دوران ناظم اعلیٰ سیاحت وآثارقدیمہ مہربان حسین چوہدری نے وزیر سیاحت کو محکمانہ امورپر بریفنگ دی اس موقع پر سیکرٹری سیاحت وآثارقدیمہ محترمہ مدحت شہزاد بھی موجود تھی۔سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ آزادکشمیر میں موجود سیاحتی قوانین پر عمل درآمد محکمہ کے آفیسران کی ذمہ داری ہے۔اس حوالے سے کوتاہی کو برداشت نہیں کریں گے۔پہلے مرحلے پر محکمہ کے آفیسران اپنے اپنے اضلاع میں سیاحتی مقامات کی نشاندہی کریں اور یہ کام پندرہ ایام میں مکمل ہوجانا چاہیے۔اس کے بعد محکمہ کی جانب سے ماسٹر پلاننگ اور سیاحتی املاک کی اسسمنٹ کا اہتمام کیا جائے اور پیشہ وارانہ بنیادوں پر سیاحتی ترقی کے لیے آگے بڑھا جائے۔انہوں نے کہاکہ ایسے منصوبوں کا کچھ فائدہ نہیں جو آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت نہ ہوتے ہوں۔انہوں نے کہاکہ غیر ذمہ دارانہ افسران خبردار ہو جائیں اب احتساب کا نیا دور شروع ہو رہا ہے، آئیے سب مل کر آزاد جموں و کشمیر کی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر میں تیزی سے ترقی کرتی سیاحت کے معیار کو بہتر بنانے اور اس کے فوائد کو زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچانے کے لیے محکمہ سیاحت اپنا کردار اداکرے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاحت وآثارقدیمہ محترمہ مدحت شہزاد نے کہاکہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق اور وزیر سیاحت کے ویژن وہدایات کے مطابق محکمہ سیاحت اور سیاحتی ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ناظم اعلیٰ سیاحت مہربان حسین چوہدری نے اپنی بریفنگ میں محکمہ کی جانب سے جاری ونئے سیاحتی منصوبہ جات کے بارے میں جناب وزیر سیاحت کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے تحت قلعہ مظفرآباد کی بحالی کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے جبکہ ایسے سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پوڈز لگائے جارہے ہیں جہاں سیاحتی کو اقامتی سہولیات میں کمی کا سامنا ہے۔
