0

محکمہ زراعت کے زیر اہتمام گزشتہ برس سے جاری سوموار میٹنگز کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

مظفرآباد(بی بی سی)محکمہ زراعت کے زیر اہتمام گزشتہ برس سے جاری سوموار میٹنگز کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ ہفتہ وار میٹنگز میں محکمہ زراعت، لائیو سٹاک اور آبپاشی کے آفیسران و اہلکاران شرکت کر کے زمینداران کو تکنیکی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔اس سلسلہ میں سیکرٹری زراعت سردار جاوید ایوب نے محکمہ زراعت کے زیر اہتما م سرکل گڑھی دوپٹہ میں 65ویں سوموار میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں ناظم پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ملک محمد عامر، ناظم زراعت توسیع آمنہ رفیع اور محکمہ زراعت کے آفیسران کے علاوہ زمینداران مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ ہفتہ وار میٹنگز کے ذریعے زمینداران سے مسلسل اور مضبوط رابطہ کاری کے عمل کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے زمینداران سے اپیل کی کہ اپنے علاقہ مین منعقدہ سوموار میٹنگز میں بہر صورت شرکت کریں تاکہ زرعی مسائل کا حل بلا تاخیر تجویز کیا جا سکے۔ سیکرٹری زراعت نے محکمہ زراعت، لائیو سٹاک اور آبپاشی کے آفیسران کو بھی ہدایت کی کہ سوموار میٹنگز میں باقاعدگی سے شرکت کریں اور زمینداران کی بھرپور تکنیکی معاونت کا سلسلہ جاری رکھیں۔میٹنگ میں زمینداران نے سیکرٹری زراعت کو شعبہ زراعت، امور حیوانات اور آبپاشی سے متعلق پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا۔ناظم زراعت توسیع آمنہ رفیع نے زمیداران کو محکمہ زراعت کی جانب سے مکمل تکنیکی معاونت کا یقین دلایا اور اس امر کا بھی اعادہ کیا کہ محکمہ زراعت کے تمام آفیسران اور اہلکاران دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے زمینداران کی ہر ممکن معاونت اور راہنمائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ ناظم زراعت توسیع نے زمینداران کو آزادکشمیر بھر میں کی جانے والی زرعی سرگرمیوں اور محکمہ زراعت کے تحت زیر کار ترقیاتی منصوبہ جات کے حوالہ سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ بعد از میٹنگ سیکرٹری زراعت نے ہمراہ آفیسران Training and Adaptive research Unit(TARU)گڑھی دوپٹہ میں واقع فارم کا بھی دورہ کیا اور سٹاف کو ضروری ہدایات دیں۔ سیکرٹری زراعت سردار جاوید ایوب نے بعد ازاں گہل جاوا کے مقام پر بھی سوموار میٹنگ میں شرکت کی جس میں زمینداران کے مسائل کا حل بھی تجویز کیا گیا اور سوموار میٹنگز کی اہمیت و افادیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ دورہ کے آخر میں سیکرٹری زراعت نے آفیسران کے ہمراہ کوٹ کے مقام پر واقع مختلف سبزیاتی فارم ہاء کے علاوہ 110کنال پر محیط تجارتی سطح پر قائم کردہ سبزیاتی فارم کا بھی دورہ۔فارم میں 45کنال رقبہ پر لہسن کی کاشت کی گئی ہے۔ علاقہ میں واقع سبزیاتی فارم ہاء کے لیے آبپاشی کا منصوبہ بھی زیر کار ہے جس کا سیکرٹری زراعت نے معائنہ کیا۔ سردار جاوید ایوب کی جانب سے کمرشل فارمنگ کرنے والے زمینداران کو سراہا گیا اور بھرپور تعاون کی بھی یقینی دہانی کروائی گئی۔ آخر میں سیکرٹری زراعت نے محکمہ زراعت، لائیو سٹاک وآبپاشی کے آفیسران و اہلکاران کی حوصلہ افزائی کی اورا نہیں زمینداران کی ہر ممکن معاونت اور راہنمائی کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایات دیں۔
٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں