0

محکمہ تعلیم سکولز نے پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں دس کامیاب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران کی تعیناتیاں عمل میں لائی ہیں۔

مظفرآباد (بی بی سی)وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے ویژن کے مطابق محکمہ تعلیم میں انقلابی اصلاحات کا تسلسل جاری رکھتے ہوے محکمہ تعلیم سکولز نے پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں دس کامیاب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران کی تعیناتیاں عمل میں لائی ہیں۔ اس سلسلہ میں کامیاب امیدواران کے اعزاز میں نظامت توسیع تعلیم مظفرآباد میں حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم سکولز آزادکشمیر دیوان علی خان چغتائی نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی اور محکمہ تعلیم سکولز میں نو تعینات ڈپٹی ڈائریکٹران و ڈی ای اوز سے حلف لیا۔ وزیر تعلیم سکولز نے نو تعینات افیسران میں اپائنٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرتعلیم سکولز آزادکشمیر دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ آزادکشمیر میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں خوش آئند امر ہے۔ پڑھے لکھے لوگ ہی اس خطہ کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ نئی نسل کے مستقبل کے لیے ہمیں وقت کی ضرورت کو مد نظررکھتے ہوئے درست فیصلے کرنے ہوں گے۔ سول سرونٹس کی نوکری میں محنت و لگن سے کام کیا جائے تو مسائل کا سد باب ممکن ہے۔ انھوں نے نو تعینات ڈپٹی ڈائریکٹران اور ڈی ای اوز ایلیمنٹری و سیکنڈری سکولز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں سکولز کے دوریکیے جائیں اور انسپیکشن کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔ عوام کی فلاح حکومت کی ترجیح ہے۔ تعلیم کے نظام بہتر ہوگا تو ریاست ترقی کی جانب گامزن ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم سکولزمیں نافذ ہے۔ انتظامیہ لگن سے کام کرتے ہوئے بہترین نتائج کے لیے تگ و دو جاری رکھے۔ پڑے لکھے لوگ ہی ہمارا مستقبل ہیں۔ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے۔آج میرٹ اور انصاف قائم ہوگا تو ہم نئی نسلوں کو بہترین مستقبل سونپ سکیں گے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے تمام نوتعینات ڈپٹی ڈائریکٹران و ڈی ای اوز کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم ندیم رزاق نے کہا کہ تعلیم ہی مسائل کے خاتمہ کی واحد وجہ ہو سکتی ہے۔ سروس جائن کرنے والے نئے افیسران لگن سے کام کریں، انھوں نے کہا کہ وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی کی قیادت میں میرٹ اور انصاف کے ساتھ محکمہ تعلیم کو مزید فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں گے۔ انھوں نے نو تعینات افیسران کو ہدایت کی کہ بہترین انصرام کے لیے قواعد و قوانین سے اشنائی اشد ضروری ہے۔ سول سرونٹ قوائد کا پاسدار ہوتا ہے انھوں نے کہا کہ نوتعینات افیسران قوانین کی عملداری کو یقینی بنائیں تاکہ بہترین نتائج حاصل کیے جاسکیں۔ تقریب میں ناظم اعلی مردانہ سید طالب حسین شاہ،، ناظم اعلی زنانہ، محترمہ تسنیم گل، چیرمین ٹیکسٹ بک بورڈسید سہیل بخاری، سنیر چیف پلاننگ راجہ ظفر اقبال، ڈائریکٹر توسیع تعلیم فوزیہ صادق، سمیت ڈائریکٹران اور نو تعینات ڈپٹی ڈائریکٹران و ڈی ای اوز سمیت میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹران و ڈی ای اوز کو مختلف اضلاع میں تعینات کردیا گیا ہے ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق بابر ایاز کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر راولاکوٹ، محترمہ عزرا فیاض کو ڈسٹرکئنیٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں باغ، مسٹر وحید عالم کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ سدھنوتی، سید احمد حسن کو ڈپٹی ڈائریکٹر نظامت اعلیٰ مردانہ، محمد نعیم کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں حویلی، مریم اشرف ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں کوٹلی، مصباح الیاس ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں سدھنوتی، سیدہ ایمن کاظمی ڈپٹی ڈائریکٹر توسیع تعلیم، سلطان علی طاہر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن میرپور، مسٹر محمد اسحاق ڈپٹی ڈائریکٹر نظامت اعلیٰ تحقیق و ترقی نصاب جبکہ قبل ازیں تعینات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران کو مختلف تعلیمی اداروں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں