0

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت کابینہ ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد

مظفرآباد (بی بی سی)وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت کابینہ ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزیر قانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید، وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق اور سیکرٹری مواصلات و تعمیرات عامہ ظفرمحمود خان کے ہمراہ پی آئی ڈی کمپلیکس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان حکومت آزادکشمیر و وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ کابینہ ترقیاتی کمیٹی نے تعمیر کشمیر پروگرام کے تحت14ارب کی لاگت پر آزادکشمیر کے 28حلقوں کیلئے816.82کلو میٹرسڑکات کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے جبکہ پانچ حلقوں جن میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق اورسردارعامر الطاف کے حلقے بھی شامل ہیں کے ترقیاتی منصوبوں کی کاسٹ ریوائز کر کے دوبارہ کابینہ ترقیاتی کمیٹی سے منظور ی لی جائیگی۔سی ڈی سی کی جانب سے منظور ہونے والے یہ منصوبے محکمہ کی جانب سے خالصتاًعوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تجویز کیے گئے ہیں،ایک سال میں یہ منصوبے زمین پر نظرآئیں گے۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق جس محنت اور جانفشانی سے اصلاحات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو سوفیصد یقینی بنایاجائیگا۔ کشمیر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پہلے ہی ہر حلقہ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے دس10کروڑ روپے ریلیز کیے جاچکے ہیں۔ وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ محکمہ نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جو منصوبے تجویز کیے کابینہ ترقیاتی کمیٹی نے انکی منظوری دی۔ کابینہ ترقیاتی کمیٹی سے ان منصوبہ جات کی منظوری سے آزادخطہ میں سیاحت تیزی رفتاری سے ترقی کریگی اور خطہ کی آمدن بڑھے گی اور تعمیر و ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے تمام ممبران اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں مکمل بااختیار بنایاہے، تمام ممبران میرٹ اور آئین و قانون کی بالادستی کے پابند ہیں۔ عبدالماجد خان نے کہاکہ عوام کی فلاح ووبہبود اور لوگوں کامعیار زندگی بلند کرناحکومت کی ترجیح ہے۔ ہم نے اعلانات نہیں کیے، عمل کر کے دکھایا، ماضی میں بے تحاشا اعلانات ہوئے لیکن موجودہ حکومت کی ترجیح عملی اقدامات ہیں جو کہ نظر آرہے ہیں۔اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں عبدالماجد خان نے کہاکہ حکومت نے انتقام کے تاثر کو ختم کیا ہے، ہمارا فوکس صرف عوامی مفاد ہے، لوکل گورنمنٹ کے فنڈز بلاتفریق تمام ممبران اسمبلی کو دیے گئے۔ اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں موسٹ سینئر وزیرکرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے ایچ بی اے کو سیاسی اور بیوروکریٹک انوالومنٹ سے پاک کرنے کیلئے اسے قرعہ اندازی سے مشروط کیے گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق نے کہاکہ مالیاتی مسائل کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں پر کام التوا کا شکار تھا، اب حکومت آزادکشمیر کو ترقیاتی فنڈز مل گئے ہیں بہت جلد زیر التوااور نئے منصوبوں پر کام شروع ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی سی نے جو منصوبے منظور کیے ان کی ٹینڈرنگ کا عمل دسمبر میں مکمل کر کے کام شروع کریں گے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں