میرپور (بی بی سی) ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہا ہے کہ 06نومبر1947کا دن دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس دن ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں کو پاکستان بھیجنے کا جھانسہ دے کر جموں سیالکوٹ شاہرہ پر سانبہ کے مقام پر اکٹھا کر کے ایک ہی دن میں لاکھوں کے حساب سے کشمیریوں کو بے دردی شہید کردیا گیا۔ شہداء جموں کی قربانیاں تاریخ کا اہم حصہ ہیں جو ہمیشہ یاد رہیں گی۔شہداء جموں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے آج کے دن پوری کشمیری قوم اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ جب تک بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیرکو آزاد کروا کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا کشمیری اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ان خیالات کااظہار انھوں نے یوم شہداء جموں کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا دعائیہ تقریب میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر محمود،اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین،علامہ مفتی زبیر نقشبندی،تحصیلدار عمران یوسف،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، ایلیمنٹری بورڈ کے سیکرٹری محمد اسحاق چوہا ن ایڈ من آفیسر طارق محمود چوہدری،صحافیوں اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے شہداء جموں کی جراتمندی اور جذبہ ایمانی کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء جموں نے پاکستان کی محبت کے اظہار میں ہجرت کر کے لاکھوں کے حساب سے جانی قربانیاں دیں تاریخ کا انمول باب ہے شہداء جموں کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں شہداء جموں اور شہدائے کشمیر کے مشن کی تکمیل کے لیے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ 76سالوں سے بھارتی درندگی کا مردانہ وار مقابلہ کر رہی ہے جس سے کشمیریوں کی جد وجہد آزادی کو حقیقی معنوں میں تقویت مل رہی ہے اور وہ وقت قریب آرہا ہے جب مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر بھی آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گی۔ اس موقع پرمفتی علامہ محمد زبیر نقشبندی نے شہداء جموں اور شہداء کشمیر کے درجات کی بلندی اورایصال ثواب کے لیے دعا کروائی یوم شہداء جموں کے موقع پر ضلع بھر کی مساجد میں شہداء جموں کے ایصال ثواب کے لیے دعا کروائی گی۔
