0

شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خالص دودھ دہی اور دیگر اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں

میرپور(بی بی سی)ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر اور عدالت عظمی کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خالص دودھ دہی اور دیگر اشیاء خوردونوش کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور دیگرمتعلقہ ادارے ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچائیں اب کیمیکل اور ملاوٹ کرنے والوں کو مزید کوئی رعایت نہ دی جائے۔ملاوٹ کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ان کے کاروباری مراکز سیل کیے جائیں۔انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر بیرون اضلاع سے دودھ لانے نہ دیا جائے۔ضلع کے انٹری پوائنٹس پر مجسٹریٹ صاحبان،محکمہ لائیو سٹاک،مجسٹریٹ بلدیہ اور پولیس بھی چیکنگ کرئے گی۔ ہوٹلز،ریسٹورنٹ،کھانے پینے والے مراکز میں صحت و صفائی کی بھی سختی سے پڑتال کی جائے۔میونسپل کارپوریشن شہر بھر کچراکنڈیوں کا خاتمے کرکے ڈور ٹو ڈور ڈسٹ بن سروس شروع کرئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میرپور میں ملاوٹ سے پاک خالص دودھ،دہی،گوشت اور دیگر اشیاء حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر محمود،اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد حسین خان،افسر مال تنویر السلام، چیف افیسر مغیث ریاض چوہدری،ڈائریکٹر لائیو سٹاک عبدالقیوم بٹ،تحصیلدار عمران یوسف،مجسٹریٹ بلدیہ زاہد مجید شیخ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اور فوڈ انسپکٹر آصف ریاض نے شرکت کی۔اجلاس میں خالص دودھ کی فراہمی سمیت ہر قسم کی غیر معیاری اور ناقص اشیاء خوردونوش کی فروخت کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جانے کے فیصلہ جات کیے اور ان پر فوری عمل درآمد کرنے کے لئے مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایات دیں کہ ملاوٹ کرنے والوں سے کوئی رو رعایت نہ برتی جائے۔ملاوٹ کرنے والے لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ان کو کیفر کردار تک پہنچانا انتظامیہ کی اولین زمہ داری ہے۔ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے جملہ مجسٹریٹ صاحبان،فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے کہاکہ دودھ کے کاروبار کی آڑ میں ملاوٹ اور کیمیکل ملا دودھ کی مکمل روک تھام کے لئے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کریں کوئی دکاندار،سٹور کیپر، ڈھابہ یا ریڑی بان وغیرہ بدوں رجسٹریشن فوڈ اتھارٹی ضلع میرپور کی حدود کے اندر کسی مارکیٹ میں کھلا دودھ فروخت نہیں کرئے گااور اس حکم پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت کارروائی ضابطہ عمل میں لائے جائے اور مال و دوکان، سٹور، ریڑھی وڈھا بہ وغیرہ کو موقع پر سیل کردیا جائے۔بیرون ضلع سے آنے والے دودھ کی پڑتال چیک پوسٹ پر تعینات عملہ پولیس بھی کرنے کا پابند ہوگا اور بدوں اجازت نامہ لائسنس کوئی شخص ضلع میں دودھ کی سپلائی کے لئے داخل نہ ہوگا۔میونسپل مجسٹریٹ، علاقہ مجسٹریٹ اور فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران ڈیوٹی سرانجام دینگے تا کہ ناقص اور غیر معیاری دودھ کی سپلائی ضلع میں نہ ہونے پائے۔انچارج پولیس چیک پوسٹ بھی اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی شخص / سپلا ئیرزبدون اجازت نامہ ضلع میر پور کے اندر داخل نہ ہونے پائے۔ اجازت نامہ کے نمونہ کی کاپی پولیس چیک پوسٹ پر فراہم کی جائیں اس طرح ایڈیشنل ڈائر یکٹر لائیو سٹاک / انیمل ہیلتھ اور میونسپل کارپوریشن کے عملہ کے باہمی اشتراک سے تحصیل میرپور میں قائم بھینسوں کے باڑہ جات کی رجسٹریشن اور بھینسوں وغیرہ کی تعداد اور ان سے حاصل ہونے والے دودھ کے وزن کا بھی مکمل ڈیٹا رکھیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ میر پور شہر میں پڑتال کے لئے علاقہ جات کومختلف حصوں میں تقسیم کیا جائے اور الگ الگ مجسٹریٹ صاحبان اپنے اپنے ایریا میں پڑتال کریں۔محکمہ لائیو سٹاک کی دودھ لیب سمیت نفیس اور مسلم ہینڈ کی لیب سے روزانہ کی بنیاد پر دودھ کے سمپل ٹیسٹ کروائے جائیں تاکہ ملاوٹ کرنے والوں کا قلع قمع ہوسکے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں