میرپور(بی بی سی)وزیر حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری ارشد حسین نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء وہ سیاہ ترین دن ہے جب ہندوستان نے کشمیری عوام کی خواہشات و مرضی کے برعکس اور تقسیم برصغیر کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی افواج جموں و کشمیر میں اتاری۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر ہماری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس دن سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جارحیت اور بربریت کا آغاز ہوا۔کشمیری عوام نے 1947 سے لیکر آج تک بھارت کے ناجائز قبضہ کو تسلیم نہیں کیا اور بھارت کے خلاف آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہی۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں پاکستان کا پرچم لہرا کر پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے۔کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں،وزیر حکومت چوہدری ارشد حسین نے کہا کہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور الحاق پاکستان تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرئے۔مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر بھارتی مظالم کی انتہا ہو چکی ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔دنیا بھر میں مقیم کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جس سے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے اور الحاق پاکستان ہماری منزل ہے۔
0