میرپور(بی بی سی)ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس چوہدری سجاد حسین نے کہاہے کہ ڈویژن بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے،سنگین جرائم کے خاتمے،نیشنل ایکشن پلان پر سو فیصد عملدرآمد کرنے کے لئے پولیس اپنی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت اور لاپروائی نہ برتے۔تینوں اضلاع میں پولیس تفتیش کے طریقہ کار میں بہتری لائے اور تھانوں میں ایف آئی آر اور شکایات درج کروانے والوں کے ساتھ اپنا رویہ مناسب رکھے تاکہ لوگ بلاجھجک بغیر ڈر و خوف کے اپنی شکایات درج کرواسکیں۔اضلاع کے انٹری پوائنٹس کی سخت نگرانی کی جائے۔چوروں اور منشیات فروشی کے گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرکے نشان عبرت بنایا جائے۔مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔پولیس گشت کے نظام میں مذید بہتری لائی جائے۔ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کروائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژن کے پولیس افسران کے اجلاس میں ہدایات دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے اضلاع کے ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ صاحبان کو ہدایت دی کے وہ اپنے اپنے ایریا میں ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کی تمام تر خفیہ معلومات رکھیں اور ان جرائم پیشہ افرد سے میل ملاپ رکھنے والوں کی حرکات و سکنات پر بھی نظر رکھیں تاکہ ڈویژن بھر میں کسی بھی جگہ امن و امان میں خلل پیدا نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنے کے لئے منشیات فروشی کے خفیہ اڈوں کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنا ہوگا اس حوالے سے چھوٹے بڑے منشیات کے دھندے میں ملوث جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔
0