نیلم(بی بی سی)ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، محکمہ شہری دفاع اور ریڈ کریسنٹ کےزیر اہتمام قدرتی آفات کے خلاف آگاہی کے حوالے سے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج آٹھمقام میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں قدرتی آفات، زلزلے، سیلاب، حادثات سے نمٹنے، بارودی سرنگوں اور ان پھٹا دھماکہ خیز مواد ، آتشزدگی کے واقعات کی وجوہات اور بچاؤ کی حوالے سے آگاہی اور عوام الناس کو بروقت امدادی اور ریسکیو کی فراہمی کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ چئیرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمنجمنٹ اتھارٹی /ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 08اکتوبر کے زلزلے کے بعد حکومت آزاد کشمیر ہر سال قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے آگاہی ہفتہ مناتی ہے۔ آج اس موقع پر ہم شہداء زلزلہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے پیش بندی کی ضرورت ہے۔ فطرت کے نظام کے ساتھ حد سے زیادہ چھیڑ چھاڑ سے قدرتی حادثات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہمیں نیلم میں قدرتی حادثات کو کم کرنے کیلئے جنگلات اور دیگر قدرتی وسائل کا تحفظ کرنا ہو گا۔طلبا ہمارے آنے والا کل ہیں ان کو قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے آگاہی دینے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ نسل نو کو فطرت کے نظام کے ساتھ ہم آہنگ نظام زندگی کو اختیار کرتے ہوئے اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا چاہئے۔ کائنات اور فطرت کے نظام میں غیر فطری عمل سے قدرتی آفات رونما ہوتی ہیں۔ کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال میں امدادی کاموں اور ریسکیو کی بروقت کارروائیوں سے انسانی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے ۔ سیمینار سے چئیرمین میونسپل کمیٹی آٹھمقام سید تجمل حسین کاظمی، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج آٹھمقام، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشا انجم، صدر معلم بوائز ہائی سکول آٹھمقام، صدر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن آفتاب تبسم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی ناگہانی صورتحال پیدا ہوجائے تو انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو فوری اطلاع دیں۔ لوگوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کریں اور امدادی کاموں کے حوالے سے ضروری سامان کا بھی استعمال کریں۔ سیمینار میں ایس پی خواجہ محمد صدیق،مہتمم برقیات سکندر خان، آفیسر اطلاعات محمد حنیف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آبپاشی گل نواز میر، سوشل ویلفئیر آفیسر افتخار گیلانی، آفیسران ، اساتذہ ، طلبا، سول سوسائٹی صحافی اور شہری دفاع کے مقامی رضاکاران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انچارج ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منجمنٹ محمد اختر ایوب نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئے۔ سیمینار کے شرکاء کو ریڈ کریسنٹ کے نمائندے ناصر بخاری نے بارودی سرنگوں اور ان پھٹے دھماکہ خیز مواد سے آگاہی، لائن آف کنٹرول پر ممکنہ خطرات سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر بارےکے حوالے سے تفصیلی سیشن دیا۔انسٹرکٹر شہری دفاع مشکور رانا نے آتشزدگی کے واقعات کی وجوہات اور آگ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر تفصیلی سیشن دیا۔ آخر میں شہداء زلزلہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
0