0

نیلم میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش وجذبہ کیساتھ منایاگیا

نیلم(بی بی سی)پی آئی ڈی کے مطابق ملک بھر کی طرح نیلم میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش وجذبہ کیساتھ منایاگیا۔ مرکزی تقریبات آٹھ مقام میں منعقد ہوئیں تعلیمی اداروں میں بھی محافل عید میلاد النبی کا اہتمام کیا گیا- دودھنیال، شاردہ، کیل، سرگن، خواجہ سیری، دواریاں، لوات، نگدر، کنڈلشاہی، جورا، باڑیاں، لیسواہ میں میلاد کی محافل منعقد ہوئیں۔ شہر رنگ ونور میں ڈوباہوا جبکہ ہرسو درود وسلام کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔سرورکائنات حضرت محمد ﷺ کی آمد کی خوشی میں عاشقان رسول ﷺ نے گھروں، مساجد، گلی، بازاروں، محلوں کوبرقی قمقوں سے سجادیاگیاتھا۔ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں مساجد، سرکاری وغیر سرکاری عمارتوں، شاہراؤں، پلوں پر سبزپرچموں کی بہار دیکھی گئی۔ نیلم کے کوہ دامن درود السلام سے معطر ہوگئے۔ جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کی سیکورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ محکمہ شہری دفاع نے مرکزی تقریبات کے مقامات پر سرچ اینڈ سویپ کیساتھ ساتھ سیکورٹی کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔ ڈپٹی کمشنر ندیم احمدجنجوعہ، ایس پی خواجہ صدیق، ڈی ایس پی راجہ عبدالخالق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہری دفاع خواجہ خالد محمود، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ صدیق بیگ نے تقریبات سیکورٹی کامعائنہ کیا۔ سیکورٹی فرائض کے لیے تعینات پولیس اہلکاران / شہری دفاع کے رضاکاران / اہلکاران کوداد بھی دی۔جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مرکزی تقریب آٹھ مقام جامع برکاتیہ مسجد میں منعقد ہوئی جس کی صدارت سابق وزیر حکومت مفتی منصورالرحمن اور مہمان خصوصی عالمی شہرت یافتہ قاری امجد سعید نعیمی تھے۔ جشن عید میلاد النبی ﷺ میں نعت خواں حضرات نے گلہائے عقیدت اور نبی پاک ﷺ پر درودپاک کے نظرانے بھی پیش کیے۔تقریب سے علامہ حمیدالدین برکتی،یوتھ کونسلر مفتی واجد نورانی ایڈووکیٹ، قاری علامہ محمد دین جھاگوی، مولانا خیراللہ شاکر، مولانا بشیراللہ قادری، مولانا لیاقت چشتی ودیگر نے خطاب کیا۔جشن عید میلاد النبی ﷺ کی محافل میں شرکت کیلئے گردونواح سے ریلیوں کی صورت میں عاشقان رسول ﷺ سبزہلالی پرچم لہراتے ہوئے اور درودالسلام پیش کرتے ہوئے پہنچے۔ عاشقان رسول کو اکرام کے طور پر طعام بھی پیش کیاگیا۔ جشن عید میلادالنبی ﷺ کی صبح سویرے ہی سے مساجد میں درودالسلام کی محافلوں کاانعقاد شروع ہوگیاتھا۔ جمعتہ المبارک کے اجتماعات اور جشن عید میلاد النبی کے جلوسوں، جلسہ / تقریبات،محافل کے اختتام پر امت مسلمہ کی کامیابی اور پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں