اسلام آباد (بی بی سی)پی آئی ڈی کے مطابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے سابق وزیراعظم چوہدری عبد المجید سے ملاقات کی ۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا ۔دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی ۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے آزادکشمیر کی تعمیر وترقی اور سیاسی استحکام میں سابق وزیراعظم چوہدری عبد المجید کی خدمات کو سراہا ۔انہوں نے سابق وزیراعظم کی سیاسی کمٹمنٹ کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے سیاست میں اہم مقام حاصل کیا ۔انہوں نے کہا کہ آپ کی سیاسی بصیرت کا اثر ہے کہ وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید کو بھی عوام نے پذیرائی بخشی ہے ۔سابق وزیراعظم چوہدری عبد المجید نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کامیابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وزراء حکومت میاں عبدالوحید ،چوہدری اکبر ابراہیم اور ممبر اسمبلی محترمہ تقدیس گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید نے آمد پر وزیراعظم کا خیر مقدم کیا.
