نیلم(بی بی سی) چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیرجسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا ہے کہ بار اور بنچ آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ قانون و آئین کی بالادستی کے قیام اور انصاف کی فراہمی کے لیے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وکلاء اور بار عام آدمی کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ آزاد کشمیر میں عدالت العالیہ میں زیر سماعت مقدمات کو جلد یکسو کیا۔ الحمدللّٰہ عدالت العالیہ میں کوئی بھی مقدمہ پانچ سال سے زیادہ عرصہ زیر التوا نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کے غیور عوام نے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر نقل مکانی نہیں کی۔ نیلم کے وسائل کا حق نیلم کی عوام کا ہے۔ نیلم سے تنخواہ لینے والے آفیسران کو نیلم میں بہر صورت کام کرنا پڑے گا۔ نیلم میں دستیاب ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں پر مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر تعینات کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس صداقت حسین راجہ نے بطور مہمان خصوصی نیلم بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب باڈی برائے سال 2023 کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلف برداری تقریب میں جج عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس سید شاہد بہار، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل راجہ سعید، ڈپٹی کمشنر سردار طاہر محمود، ضلع قاضی، ڈسٹرکٹ سیشن جج عبد الوحید مغل، چئیرمین ضلع کونسل غلام مجتبی، چئیرمین بلدیہ سید تجمل کاظمی، سابق صدور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ممبران بار ایسو سی ایشن و دیگر نے شرکت کی۔ چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس صداقت حسین راجہ نے بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران جن میں صدر محترمہ عظمی شیریں ایڈوکیٹ، نائب صدر محترمہ رومانیہ شبیر ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری محمد ناظم شیخ ایڈوکیٹ، جائنٹ سیکرٹری سید علی رضا کاظمی اورممبران ایگزیکٹیو کمیٹی سے ان کے عہدوں کاحلف لیا اور نئی ذ مہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ قانون و آئین کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوئے بار اور بنچ کی عزت و احترام کا خیال رکھیں گے۔انھوں نے کہاکہ ہائی کورٹ میں ہمیشہ وکلاء کی عزت و نفس کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے۔ حلف برداری تقریب سے جج عدالت العالیہ جسٹس شاہد بہار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیلم بار میرے لئے گھر کی طرح ہے۔ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ چیف جسٹس صداقت حسین راجہ نیلم بار ایسو سی ایشن کی بہتری کیلئے دلچسپی رکھتے ہیں۔ وکلاء کتاب سے اپنی وابستگی کو اپنا شعار بنائیں۔ علم کا سب سے بڑا منبع قرآن کریم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ نیلم بار سے وکلاء مستقبل میں بنچ کا حصہ بنیں ۔ حلف برداری تقریب سے نومنتخب صدر نیلم بار ایسو سی ایشن محترمہ عظمی شیریں نے بھی خطاب کیا جبکہ سیکرٹری جنرل ناظم شیخ ایڈوکیٹ نےسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئے۔چئیرمین الیکش کمیشن و سابق صدر بار ایسوسی ایشن نذیر دانش ایڈوکیٹ نے نو منتخب انتظامیہ کے کامیاب امیدواران کا نوٹیفیکیشن سنایا۔حلف برداری تقریب کے آخر میں مرحوم میر گوہر الرحمن ایڈوکیٹ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اس سے پہلے چیف جسٹس صداقت حسین نیلم آمد پر راجہ کا ڈپٹی کمشنر سردار طاہر محمود ، ایس پی خواجہ محمد صدیق نے استقبال کیا۔
0