کوٹلی (بی بی سی)پی آئی ڈی کے مطابق آزاد و مقبوضہ کشمیر بھر کی طرح کوٹلی میں بھی ممتاز حریت پسند لیڈر سید علی گیلانی کا دوسرا یوم وفات عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں بلدیہ حال میں تقریب منعقدہوئی جس کی صدارت صدرڈسٹرکٹ بارسردارمصطفی نے کی جبکہ مہمان خصوصی حریت رہنمامحموداخترقریشی ایڈووکیٹ تھے۔ تقریب سے اسسٹنٹ کمشنرچوہدری نعیم اختر،ڈپٹی میئربلدیہ راجہ ریاست،سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سردارمظہراقبال،پیپلزپارٹی کے نصیرراٹھور،جماعت اسلامی کے زاہدالحسن ودیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک فرد نہیں تحریک تھے، ان کی جدوجہد حریت اور کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کا سید علی گیلانی کے لئے بابائے حریت کا خطاب اُن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے۔سید علی گیلانی شہید کا جسد خاکی چھین لینے سے کشمیریوں کی آزادی کے لئے تڑپ نہیں چھینی جاسکتی، ہم پاکستانی ہیں، اور پاکستان ہمارا ہے، یہ اُن کا نعرہ تھا جو آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کی توانا آواز تھے انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی کے آخری بارہ سال بدترین علالت کی حالت میں سفاک دشمن بھارت کی اسیری میں گزارے مگر ان کے پایہ استقلال میں لغزش نہ آئی۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب انہیں انتہائی نگہداشت کی ضرورت تھی بھارت کی سفاک فوج نے انہیں زبردستی نظر بند کئے رکھا مگر وہ پاکستان کے ساتھ ان کی نظریاتی وابستگی کو کم نہ کر سکی۔ مقررین نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی سیدعلی گیلانی سمیت تمام شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے اور تمام وابستگان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔
