0

کشمیر کے سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے

میرپور(بی بی سی)پی آئی ڈی کے مطابق آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے جو تا قیامت قائم و دائم رہے گی۔ گزشتہ دورحکومت میں ناتجربہ کار حکمران عمران خان نے ملک کو معاشی و اقتصادی بحران میں مبتلا کر دیا ہے جس کی وجہ سے آج پوری قوم کو مہنگائی کا سامنا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو پاکستان کو ان مسائل سے نکال سکتی ہے۔ریاست کے لیے جتنی قربانیاں پیپلزپارٹی نے دی ہیں ان کا کہیں مقابلہ نہیں کیاجا سکتا۔پاکستان کے آمدہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی واضع اکثریت سے کامیاب ہو گی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اگلے وزیر اعظم پاکستان ہونگے۔وہ یہاں اپنے ہاؤس میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ اس وقت ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال کے باعث سیاسی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں ہے ہر فرد افراتفری کا شکار ہے۔مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ہے جس نے غریب لوگوں کی کمر توڑ دی ہے ۔پاکستان کے معاشی حالات اس نہج پر پہنچانے میں سابق ناتجربہ کار وزیر اعظم اور پی ٹی آئی حکومت کی ذمہ دار ہے جس نے معاشی پالیسی کا جنازہ نکال دیا ہے ۔سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک بڑی نعمت ہے جس میں سونا اگلتی زرعی زمینیں،قیمتی معدنیات،پانی کے وسیع ذخائر اورچاروں موسم ہیں۔قوم کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے خراب معاشی و سیاسی صورتحال سے ملک کو نکالنے کے لیے اس وقت پیپلز پارٹی ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کی بھاگ ڈور سنبھال کر نظام حکومت کو درست کر سکتی ہے۔پیپلز پارٹی جمہوری اقدار کی بانی اور جمہوری قوتوں سے ملکر نظام حکومت چلانے کی خواہاں ہے۔ حقیقی جمہوری سسٹم کے نفاذ او رکرپشن فری معاشرہ کا قیام ہی ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت ملک اور قوم کوسیاسی و مضبوط معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔پاکستان میں الیکشن مقرہ مدت میں ہونے چاہیے تاکہ آنے والی حکومت اپنی پانچ سالہ منصوبہ بندی سے عوام کو ریلیف دے سکے۔جب تک غریب لوگوں کو ریلیف نہیں ملتا تب تک ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔ہمیں بحیثیت ذمہ دار قوم ہرشعبہ کی ترقی کے لیے اپنی صلاحیتوں کا برملااستعمال کر نا ہو گا تب جا کر ریاست کی حیثیت درست سمت کی طرف گامزن ہو گی اور ایک بار پھر وطن عزیز میں ترقی کا پہیہ تیزی سے چلنا شروع ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں