0

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے سویڈن میں شاہی محل کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی

اسلام آباد (بی بی سی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے سویڈن میں شاہی محل کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کو اس واقعہ پر مشترکہ اور جاندار موقف اپنانا چاہیے ۔اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بار بار ہونے والے واقعات کے خلاف اقدامات کرنے کی ضرورت ہے پاکستان کو سویڈن کے سفیر کو طلب کر کے اس واقعہ پر امت مسلمہ کے جذبات سے آگاہ کرنا چاہیے ،ہمیں تسلسل کے ساتھ عالمی برادری کو بین الاقوامی قوانین کی یاد دہانی کروانی چاہیے جو واضح طور پر مذہبی منافرت کی حمایت سے روکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کو مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن پاک کی حرمت کو سمجھنا چاہیے اور انہیں اس بات کا ادراک کرنا چاہیے کہ مسلمانوں کو قرآن پاک سے کتنی محبت ہے اور وہ اس کی کسی قسم کی بے حرمتی برداشت نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات کی سنگینی کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات لوگوں کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ رواداری اور اعتدال پسندی جیسے اقدار کے پھیلاؤ اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی بین الاقوامی کوششوں سے متصادم ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کی یہ زمہ داری ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت نسل، جنس، زبان یا مذہب کی تفریق کے بغیر انسانی اور بنیادی حقوق کا احترام اور ان کی پابندی کا فروغ یقینی بنائیں ۔انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ ذمہ داری کے ساتھ اور متعلقہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق آزادی اظہار کے حق کا استعمال کیا جائے۔انہوں نے عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے مذاہب، ثقافتوں اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دے کر ہی ہم عالمی امن کی منزل حاصل کر سکتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں