0

ڈویژن میرپور میں عاشورہ محرم الحرام کے دوران جملہ سیکورٹی کے فول پروف

میرپور (بی بی سی)ڈویژن میرپور میں عاشورہ محرم الحرام کے دوران جملہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کے قیام کے لیے قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی اور انتظامات کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے۔معاشرے میں سوشل میڈیا،واٹس اپ گروپس یا دیگر تقریر و تحریر کے ذریعے مذہبی منافرت پھیلانے اور اشتعال انگیزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ ڈویژن میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔تمام اضلاع کے انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے نظام کو موثر بنانے کے لئے انٹری پوائنٹس پر شناختی کارڈ کے ذریعے افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جائے۔ اہل تشیع سمیت دیگر تمام مسالک کے علماء کرام اپنی مساجد،امام بارگاہوں،جمعہ کے خطبات اور دیگر مذہبی تقریبات میں کسی مسلک کے خلاف اختلافی موضوع پر تقریر نہیں کریں گے۔اجلاس میں واٹس اپ گروپ اور سوشل میڈیا کے ایڈمن حضرات کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے گروپس میں مذہبی منافرت پھیلائے جانے والے متنازعہ مواداپلوڈ یا شیئر ہونے کے خود ذ مہ دار ہونگے۔ اس سلسلہ میں وہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کے مطابق دیگر افراد کی طرف سے پوسٹیں شیئر کرنے کے حوالے سے اپلوڈ کی سہولت اپنے پاس ہی رکھیں تاکہ ایڈمن کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔جو لوگ متنازعہ مواد شیئر کریں گے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے باقاعدہ مقدمے قائم کیے جائیں۔ انتظامیہ،پولیس،سیکورٹی ایجنسیوں،شہری دفاع،ریسکیو 1122،محکمہ صحت عامہ،پانی بجلی اور دیگر ادارے ہائی الرٹ رہیں گے محرم الحرام میں ناگزیر وجوہات کے علاوہ سرکاری ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی رہے گی۔مجالس اور جلوس کے روٹس کے راستوں پر سرچ اینڈ سویپ کیا جائے گا۔ ایس او پیز کی عملدرآری کے حوالے سے تمام مسالک سے برابری کا سلوک برتا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ڈویژن میرپور میں عاشورہ محرم الحرام کے انتظامات،سیکورٹی سمیت قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس میں میں کیا گیا۔اجلاس میں کمشنر چوہدری شوکت علی، پاک آرمی کے کمانڈرکاشف نعیم،ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد محمود چوہان،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال،ایس ایس پی راجہ عرفان سیلم،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک،سپیشل برانچ کے انچارج انسپکٹر راجہ جاوید الرحمان، پاک آرمی،سیکورٹی اداروں کے نمائندگان اور ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری حق نواز،ایس پی کوٹلی ریاض مغل، ایس ایس پی بھمبر راجہ اکمل خان اور اسسٹنٹ کمشنر بھمبر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈویژن کے تینوں اضلاع میرپور،کوٹلی اور بھمبر میں محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لئے کیے گے انتظامات اور جاری شدہ ایس او پیز پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا عاشورہ محرم الحرام اور چہلم کی تقریبات کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور جاری کردہ ایس او پیز میں کسی قسم کی رورعایت نہ برتی جائے۔موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں جبکہ تینوں اضلاع میں مانیٹرنگ سسٹم سمیت ڈویژن کی سطع پر بھی مرکزی کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کی جائے گی۔اجلاس میں مجالس اور جلوسوں کے کے راستوں کے شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائیگی۔مجالس کے باہر پولیس ہائی الرٹ رہے گی ایسے علماء اکرام جن پر پابندی عائد ہے ان کے اضلاع کے داخلے پر حسب سابق پابندی عائد ہوگی۔جلوس کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرہ جات اور دیگر ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ایسے افراد جنھوں نے گزشتہ عرصہ میں مذہبی منافرت پھیلانے کے حوالے سے قانون کو ہاتھ میں لیا تھا ان پر گہری نظر رکھی جائے۔محرم الحرام کے دوران انٹری پوائنٹس سمیت ہوٹلوں،ریسٹ ہاؤسز،گیسٹ ہاؤسز،لاری اڈوں،گاڑیوں کی بھی سختی سے پڑتال کی جائے۔وال چاکنگ پر حسب معمول پابندی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں