0

پاکستان نے واشنگٹن میں اپنے سفارتخانے کی پرانی عمارت فروخت کردی، خریدار دراصل کون نکلا؟ سب کچھ سامنے آگیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں واقع سفارتخانے کی پرانی عمارت 71لاکھ ڈالر میں فروخت کر دی۔ڈیلی ڈان کے مطابق عمارت کے خریدار اور پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے عمارت فروخت کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ عمارت 2003ءسے خالی پڑی تھی اور اسے مقامی حکومت نے ’ناکارہ جائیداد‘ قرار دے رکھا تھا۔ اس عمارت کی سفارتی حیثیت 2018ءمیں منسوخ کر دی گئی تھی، جس کے بعد سے یہ عمارت سفارت خانے کی ذمہ داری بن گئی تھی۔بتایا گیا ہے کہ یہ عمارت امریکی ریاست ڈیلاس کے رہائشی ایک پاکستانی نژاد امریکی تاجر حفیظ خان نے خریدی ہے۔ واشنگٹن کے ایک ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے عمارت فروخت ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ”مجھے امید ہے کہ اس جائیداد کے بارے میں میڈیا میں پائی جانے والی قیاس آرائیاں اب ختم ہو جائیں گی۔عمارت خریدنے والے تاجر حفیظ خان نے کہا ہے کہ ”جب میں نے اس عمارت کی فروخت کے بارے میں سنا تو سوچا کہ اسے کسی پاکستانی نژاد امریکی کو ہی خریدنا چاہیے کیونکہ ہمیں اس جائیداد سے جذباتی لگاﺅ ہے، چنانچہ میں نے خود ہی اسے خرید لیا۔ واضح رہے کہ واشنگٹن کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع یہ عمارت ماضی میں ایک قونصلیٹ ہوا کرتی تھی۔ اسے گزشتہ سال کے آخر میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا اور اس کی سب سے زیادہ بولی 68لاکھ ڈالر لگی تھی۔ تاہم بعد ازاں بغیر کوئی وجہ بتائے نیلامی کا عمل روک دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں