0

وہ دلہن جو 27مردوں کو چونا لگا گئی

سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک نوسرباز دلہن 27مردوں کو چونا لگا گئی۔ مقامی نیوز ویب سائٹ’دی کشمیریت‘ (The Kashmiriyat)کے مطابق اس دلہن کا تعلق ضلع راجوڑی سے ہے، جو اب تک27مردوں کے ساتھ شادی کرکے زیورات، نقدی اور ان کی دیگر جمع پونجی لے کر فرار ہو چکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دلہن شادی کے بعد ہر دولہا کے پاس 10سے 20دن رہتی ہے اور موقع ملتے ہی مال متاع سمیٹ کر رفوچکر ہو جاتی ہے۔ مبینہ طور پر اس فراڈ میں کئی رشتے کرانے والے بھی ملوث ہیں جو اس دلہن کی امیر مردوں کے ساتھ شادی کرواتے ہیں۔ یہ انوکھا کیس اس وقت منظرعام پر آیا جب 12مردوں نے یکے بعد دیگرے ایک مقامی پولیس سٹیشن میں اپنی بیویوں کے زیورات اور نقدی وغیرہ لے کر بھاگ جانے کے مقدمات جمع کرائے۔ جب ان سب کی بیویوں کی تصاویر دیکھی گئیں تو انکشاف ہوا کہ وہ ایک ہی عورت تھی، جس نے ان سب سے شادی کی۔پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو اس خاتون کے مزید شکار بھی سامنے آنے لگے۔ اب تک کل 27مرد سامنے آ چکے ہیں جنہیں یہ خاتون لوٹ چکی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ خاتون زیادہ تر راجوڑی اور بڈگام کے اضلاع میں لوگوں کو لوٹ رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں