لاہور ( خصوصی رپورٹ ) امریکہ میں مقیم تحریک انصاف کے لوگ جو کچھ کر رہے ہیں وہ میمو گیٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ سنگین ہے،پی ٹی آئی اپنے سیاسی مفاد کیلئے امریکہ کواب پاکستان پر دباؤ ڈالنے، امداد پر پابندیاں لگانے اور یہاں مداخلت کرنے کی کھلی دعوت دے رہی ہے،عمران خان رکنے کا نام نہیں لے رہے۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار انصار عباسی نے اپنے بلاگ میں اہم انکشافات کر دیئے۔”جیو نیوز ” میں شائع ہونیوالے اپنے بلاگ بعنوان ” ’’فوج مجھ سے اہم‘‘ والا عمران کھو گیا”میں انصار عباسی نے لکھا کہ عمران خان رکنے کا نام نہیں لے رہے۔ افسوس کی بات ہے کہ وہ لگاتار فوج اور فوج کی اعلیٰ قیادت پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انٹرنیشنل میڈیا کو دیئے جانےوالے اپنےانٹرویوزمیں ایک طرف اُنہوں نے آرمی چیف کو اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے تو دوسری طرف اُنہوں نے9 مئی کے سانحہ پر ایک نیا بیانیہ تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ وہ تو False Flag Operation تھا ،جس کا مقصد اُنہیں فوجی عدالت کے ذریعے سزا دلوا کر جیل میں ڈالنا تھا۔ پہلے اُنہوں نے کہا یہ ایجنسیوں کا کام ہے، پھر کہا اُن کے ورکرز نے اُن کی رینجرز کے ہاتھوں گرفتاری کا منظر دیکھ کر یہ ردعمل دیا۔ جو تباہی اور گھناؤنا کام 9 مئی کو ہوا تھا اُس کے بارے میں جاننے کے بعد بھی اُنہوں نے ایک بار یہ دھمکی دی تھی کہ اگر اُنہیں پھر گرفتار کیا گیا تو پھر ردعمل آئے گا۔انصار عباسی کے مطابق تحریک انصاف نے جناح ہاؤس حملہ میں شامل ایک شخص کو ایجنسیوں کا آدمی بناکر پیش کیا تھا، وہ بھی آج پکڑا گیا اور تحریک انصاف کا ہی ووٹر، سپورٹر نکلا۔ جو کچھ 9مئی کو ہوا اُس پر اُنہیں شرمندگی ہونی چاہئے تھی، اُس پر اُنہیں معافی مانگنی چاہئے تھی، اُس کی بغیر کسی لگی لپٹی کے سخت ترین الفاظ میں مذمت کرنی چاہئے تھی لیکن یہاں تو کھیل ہی نیا کھیلا جا رہا ہے۔
0