لاہور ( خصوصی رپورٹ ) لگتا ہے عمران خان کو بھی کچھ کچھ سمجھ آنے لگی ہے لیکن اُنہیں بہت دیر ہوچکی ہے۔ اُنہیں شاید محسوس ہو رہا ہے کہ اُن کا سیاسی مستقبل ختم ہو سکتا ہے۔ اب وہ مذاکرات کیلئے بھی بے تاب ہیں لیکن 9مئی کا زخم تازہ ہے اور ویسے بھی عمران خان کے مخالف چاہیں گے کہ تحریک انصاف کی موجودہ توڑ پھوڑ کا سلسلہ جاری رہے اور جتنا سیاسی نقصان عمران خان کا ہو سکتا ہے وہ ہو جائے۔ یہ انکشافات سینئر صحافی و تجزیہ کار انصار عباسی نے “جیو نیوز ” میں شائع ہونیوالے اپنے بلاگ میں کیے ۔انہوں نے لکھا کہ تحریک انصاف کے بڑے بڑے رہنما عمران خان کو چھوڑتے جا رہے ہیں اور جاتے جاتے سب فوج سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے یہ ضرور یاد دلا رہے ہیں کہ جو کچھ 9مئی کو ہوا وہ ناقابل قبول ہے، ناقابل برداشت ہے۔ تحریک انصاف کو چھوڑنے والے ایسے رہنمابھی ہیں جن کو یہ کہتے سنا گیا کہ وہ عمران خان کو پچھلے کچھ عرصہ سے یہ تنبیہ کرتے رہے کہ اُن کا فوج مخالف بیانیہ خطرناک ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان کے اردگرد ایک گروہ نے فوج کے خلاف اُن کے کان بھرے اور یوں دنیا نے 9مئی کو وہ کچھ دیکھا جس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
