0

عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں


مظفرآباد(بی بی سی)پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنماو قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس قسم کا بیانیہ کوئی پاکستانی محب وطن چاہے وہ کسی سیاسی پارٹی کا چیئرمین ہو وہ نہیں دے سکتا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا متفقہ فیصلہ ہے کہ عمران خان جیسے ناسور کو سیاست میں نہیں رہنا چاہیے۔ہندوستان کوششوں کے باوجود ہماری مسلح افواج کے خلاف کوئی بیانیہ نہیں بنا سکا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری ایجنسیز نے بھرپور طریقہ سے پاکستان کا دفاع نہ صرف سرحدوں پر کیا بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے کیے جانے والے پروپیگنڈوں کا بھی موثر جواب دیا۔ ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف الزام تراشی دراصل اس ملک اور مسلح افواج کی جڑیں کاٹنے کے مترادف ہے۔جو کام نریندر مودی نہیں کر سکا وہ عمران خان کو کرتے دیکھ کر حیرانگی ہوتی ہے۔پیپلزپارٹی آزاد کشمیر سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اس منفی پروپیگنڈے کو ملک کی سلامتی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے خلاف ایک واضح سازش سمجھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں ممبران اسمبلی میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر،سردارمبارک حیدراور مبشر منیر اعوان ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ سابق وزیر اعظم پاکستان و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان جب سے اقتدار سے علیحدہ ہوئے ہیں مختلف کہانیاں گڑھ کر مختلف لوگوں پر الزام تراشی کی ہے۔ شروع میں ان کا الزام امریکہ پر تھا پھرسابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید جاوید پر الزام لگائے اور پھر ان کی اپنی حکومت ہونے کے باوجود وہ قومی سلامتی پر بیان بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی ریاست کی فوج یا ادارے وہ اس کی سرحدوں کے ضامن ہوتے ہیں عمران خان نے کل ایک ایسا بیان دیا جس پر ISPR نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے اوروزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری سمیت پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اس بیان کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی سی پیک پر کام کی رفتار تیز ہوتی ہے تو عمران خان نیا بیانیہ لیکر سامنے آجاتے ہیں جس کا مقصد پاکستان اور کشمیر کی خوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہوتا ہے۔ عمران خان کے ساتھ بہت لاڈ پیار ہو چکا لیکن ملک کے خلاف کھلواڑ کی اجازت کسی بھی لاڈلے کو نہیں دی جا سکتی۔ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دورہ ہندوستان میں کشمیریوں کی آواز بلند کی اور دنیا کو ہندوستان کا اصلی چہرہ دکھایا۔ ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کمان سنبھالنے کے بعد ایل او سی کے دورے کر کے خونی لکیر کے دوسری جانب کشمیریوں کو پیغام دیا کہ وہ انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممبراسمبلی میاں عبدالوحید نے کہاکہ عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، ادارے ملک پاکستان کی بقا کی خاطرخدمات دے رہے ہیں۔ممبراسمبلی سید بازل علی نقوی نے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ایس سی او کانفرنس کے دوران دورہ ہندوستان میں کشمیریوں کی بھرپور وکالت کی۔ پارہ چنار واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آرمی ایکٹ کے تحت عمران خان پر مقدمہ درج کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں