
مظفرآباد(بی بی سی)جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ میں نماز عید ادا کی گئی۔نماز ِ عید کے اجتماع میں سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، سابق وزیراعظم خواجہ فاروق احمد، مئیر بلدیہ سید سکندر نثار گیلانی، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر اور شہر یوں نے شرکت کی۔ نماز عید کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ عید کے اجتماع میں سیکرٹری جنرل مرکزی سیرت کمیٹی خرم شہزاد نے قراردادیں پیش کیں۔قراردادوں میں کہا گیا کہ عیدالفطر کے مبارک موقع پر منعقدہ آج کا یہ اجتماع مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی جابرانہ تسلط کو مکمل طورپر مستردکرتے ہوئے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی پرزورمذمت کرتاہے۔ آج کا یہ اجتماع عالمی برادری پر واضح کرنا چاہتاہے کہ مسئلہ کشمیر کے پائیداراور باوقار حل کیلئے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر فی الفور عملدرآمد کرایاجائے۔ آج کا یہ اجتماع عالمی برادری کو باورکراناچاہتاہے کہ پوری دنیا کے مسلمان تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کے لئے متحد ہیں۔ حرمت رسول ﷺکے تحفظ کیلئے کسی بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔آج کا یہ اجتماع مقبوضہ کشمیر،شام،فلسطین،عراق،برما سمیت دیگر ممالک میں مسلمانوں کے قتل عام، جبرو تشدد اور جابرانہ تسلط کی شدیدمذمت کرتا ہے۔اجتماع اقوام عالم سے مطالبہ کرتاہے کہ مسلم اقوام کے ساتھ رو ا رکھے گئے امتیازی سلوک اور ظلم و جبر کے خاتمے کے لئے انسانی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ اجتماع اسلامی جمہوریہ پاکستان و آزادکشمیر کی اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ سیاسی معاملات اور توہین عدالت کے واقعات پر سوموٹو ایکشن لینے کے ساتھ ساتھ اسلامی شعائر کی توہین،سوشل میڈیا یا دیگر زرائع ابلاغ سے اللہ تعالیٰ، پیغمبرآخرالزمان آقا کریم علیہ اسلام،صحابہ و اہل بیت اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اولیاء کرام رحمہ اللہ کی شان میں گستاخی کی پاناک جسارت کرنے والے ملعون شرپسندوں کو نشان عبرت بنانے کے لئے بھی ازخود ایکشن لے تاکہ ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی اور تدارک کیا جاسکے۔یہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کو حقیقی دارالحکومت کے شایان شان بنانے کیلئے باضابطہ ٹاون پلاننگ کر کے انفراسٹریکچر کی بہتری، غیرقانونی تعمیرات و تجاوزات کی روک تھام اور مہنگائی جیسے مسائل کے تدارک کے لئے اقدامات کرے۔یہ اجتماع حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے مرکزی عیدگاہ احاطہ کی چاردیواری اور تعمیر کے لئے پی سی ون تیار کروانے پر سابق قائمقام وزیراعظم خواجہ فاروق احمد کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نماز عید کے بعد ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز مرکزی عیدگاہ سے ہوا جو کہ اپر اڈا لال چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت مخالف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی کے شرکا ء نے ہاتھوں میں کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔سابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی 20 ممالک کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت موت کی وادی بن چکی عالمی برادری آزادی کشمیر کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 1300 ایام سے لاک ڈاؤن کرفیو کا نفاز بھارت کے جمہوری چہرے پر بدنما دھبہ ہے۔ 5 اگست 2019 کو ہونے والی آئینی دہشت گردی نے بھارتی جمہوریت کو دنیا بھر میں بے نقاب کر دیا۔
0