
میرپور(بی بی سی)صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اہلیان نیو سٹی کے ساتھ ذیلی کنبہ جات کے ایشو کو حل کرنے کا وعدہ کیا تھا یہ ایک مشکل وعدہ تھا لیکن اب میں پوری دلیری کے ساتھ کہتا ہوں کہ یہ وعدہ پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے ایک ماہ کے اندر اس نیو ٹاؤن میں آبادکاری کا عملی کام شروع ہو جائے گا۔نیو ٹاؤن میں دس مرلہ کے 3203 پلاٹ آلاٹ کیے جائیں گے اس منصوبہ کیلئے 3 ارب 40 کروڑ روپے حکومت آزاد کشمیر فراہم کرے گی ہم اس ٹاؤن کو دور حاضر کی جدید ترین ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی طرز پر تعمیر کریں گے جہاں پر رہائش سے متعلقہ ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تحریک آزادی کشمیر کے لیے ہمہ وقت اور جارحانہ انداز میں جدوجہد ہمارے نصب العین میں شامل ہیں، میں ریاست کے اندر اور بیرون ملک تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مصروف عمل رہتا ہوں۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورہ کنٹرول لائن سے تحریک آزادی کشمیر پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اس بروقت دورے سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔نیو سٹی میں افطار ڈنر کے بڑے اجتماع سے خطاب میں اس بات کو دو ٹوک انداز میں ایک مرتبہ دوہراتا ہوں کہ ہم تقسیم کشمیر کی کسی سازش کو ہرگز اور قطعاً قبول نہیں کریں گے اگر تقسیم کشمیر کی کوئی سازش ہوئی تو کشمیری متحد ہو کر اس سازش کو ناکام و نامراد بنا دیں گے ہم کشمیر کی وحدت پر یقین رکھتے ہیں ہمارا یہ موقف ہے کہ اس مسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی حق خودارادیت کی قرار داد کی روشنی میں نکالا جائے۔نیو سٹی کی عوام نے میرے الیکشن میں بھرپور کردار ادا کر کے میری جیت میں فیصلہ کن رول ادا کیا پھر یاسر سلطان کی جیت میں نیو سٹی کی عوام نے اپنا بھرپور حصہ ڈالا جب بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ آیا تو ایک مرتبہ پھر نیو سٹی کی عوام نے کونسلرز کی تاریخ ساز کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا اب یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم نیو سٹی کے تمام مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر نکالیں ذیلی کنبہ جات سمیت دیگر تمام مسائل کے حل کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ میں کونسلر قربان یوسف کا شاندار افطار ڈنر کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو سٹی میں کونسلر قربان یوسف کی طرف سے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ افطار ڈنر کے بڑے اجتماع سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما جبار احمد مہناس ایڈووکیٹ نے کی۔تقریب سے آزاد کشمیر کے وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان،ڈی جی منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری محمد منشاء نقشبندی،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد،ڈپٹی میئر محمد رمضان چغتائی،کونسلر قربان یوسف،جبار احمد مہناس ایڈووکیٹ،ضیاء مہناس نے بھی خطاب کیا۔اس سے قبل صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب نیو سٹی پہنچے تو کارکنان نے ان کا والہانہ استقبال کیا،ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں ہار پہنائے گے اور اُن کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ گزشتہ روز قانون ساز اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران میں نے بھارت اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو واضح اور واشگاف پیغام دیا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اس وقت تک چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے جب تک مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غیر قانونی قبضہ سے آزاد نہیں کروایا جا سکتا۔ 05 اگست 2019 کے بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدام کے بعد بھارت کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا تھا جس کے خلاف میں نے ساری دنیا میں کشمیریوں کی ترجمانی کرتے ہوئے آواز بلند کی، اب ہمیں مسئلہ کشمیر پر انٹرنیشنل سپورٹ مل رہی ہے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر جاکر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلایا کہ پاک فوج کسی صورت مقبوضہ کشمیر کی عوام کے آزادی کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اس دورے سے سیزفائر لائن پر بھارتی افواج کے سامنے مسلح پاک فوج کے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں۔ذیلی کنبہ جات کے حوالے سے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ نیو ٹاؤن کو جدید طرز پر بنا کر عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کریں گے۔ اس منصوبہ پر حکومت کی جانب سے پانی کی فراہمی کے لئے 5 ٹیوب ویل لگائے جائیں گے اسی طرح سیوریج سسٹم کی تنصیب سمیت کشادہ سڑکیں،پارک،قبرستان،بجلی کے الگ فیڈر سمیت سیوریج کا بھی نظام ہوگا یہ ٹاؤن کسی بھی بڑی ہاؤسنگ سوسائٹی سے سہولیات کے حوالے سے کم نہیں ہوگا۔
٭٭٭٭٭
0