0

سگریٹ کی صنعت میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے شکنجہ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے


سگریٹ کی صنعت میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے شکنجہ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اہم احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سگریٹ کی صنعت میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں،آئندہ 2ہفتوں میں ملک میں سگریٹ کے تمام کارخانوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنائی جائے،شوگر ملوں پر اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نہ لگنے کیلئے ذمہ داران کا تعین کرکے انکوائری رپورٹ پیش کی جائے،ٹیکس چوری کرنے والے عناصر اور ان کے کارندوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے،ملک و قوم کے پیسے کی چوری کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں سگریٹ سازی کی صنعت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو سگریٹ کے کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ بتایاگیا کہ ملک میں بیشتر سگریٹ فیکٹریوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا جا چکا ہے جبکہ باقی ماندہ پر اس کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ بتایاگیاکہ آزار کشمیر میں موجود فیکٹریوں پر اس کی تنصیب کیلئے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔اجلاس کو ایف بی آر کی طرف سے غیر قانونی سگریٹ کی فروخت اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایاگیاکہ ایف بی آر 7 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو اپنے ٹیکس نیٹ میں لے کر آیا ہے اور رواں سال اپنے اہداف کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں