
راولپنڈی (بی بی سی)آزادجموں و کشمیر کے وزیرسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا ہے کہ نوجوان مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے سوشل میڈیا کو ہتھیار بنا لیں۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے حریت رہنماء قید ہیں اور کشمیریوں کے سیاسی،مذہبی اور معاشی حقوق غصب ہیں۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نوجوانوں کو بڑی اہمیت دیتے ہیں حکومت نے نوجوانوں کی ترقی کیلیے خصوصی پروگرام شروع کئے ہیں جن میں سب سے اہم پروگرام بلاسود قرضوں کا ہے جس کا مقصد ریاست میں بیروزگاری کو ختم کرنا ہے۔وزیرایس ڈی ایم اے نے ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل میں نمل کشمیر کونسل کے زیر اہتمام کلچرل شو سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم بھی موجود تھے۔چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا کہ اسوقت مسئلہ کشمیر انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے خطے کے حالات بدل رہے ہیں چین علاقے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے یونی پولر کی دنیا اب بدل رہی ہے لہذا ہمیں بھی چوکنا رہنے کی ضرورت ہے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں آپ سوشل میڈیا کو ہتھیار بنا لیں اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلیے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں حکومت نے 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کروا کر نوجوان قیادت کو ابھرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں نوجوان ہی ہیں جو قوموں کی تقدیر بدلتے ہیں پڑھے لکھے اور سکل فل نوجوان ہی آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہی قوموں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی خصوصی ہدایت پر نوجوانوں کیلیے ہنرمند پروگرام شروع کیا گیا جبکہ بیروزگاری کے خاتمے کیلیے بلاسود قرضوں کا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں نوجوانوں کو خصوصی طور پر قرضے دئیے جا رہے ہیں تاکہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر وزیر حکومت نے نمل کشمیر کونسل کیلیے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے پانچ لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔تقریب کے دوران نوجوان شاعروں اور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ اس موقع پر کشمیر لبریشن کمیشن نے خصوصی سٹال لگائے تھے جن میں کشمیر کے حوالے سے لٹریچر رکھا گیا تھا نوجوانوں نے ان میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔وزیر حکومت چوہدری اکبر ابراہیم اور وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم نے سٹالز کا معائنہ کیا۔انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
0