0

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان


اسلام آباد (بی بی سی/ضیاء سرور) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے چیئرمین سینٹ کو گولڈن جوبلی پر مبارکباد دی ۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر قربانیوں سے عبارت ہے ،کشمیری عوام نے بھارت سے آزادی کیلیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارت سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کی اس جدوجہد میں پاکستانی عوام نے کشمیریوں کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور وہ ان کے شانہ بشانہ رہے ہیں کشمیری بھی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ الحاق پاکستان ان کی جدوجہد کا منطقی انجام ہے اور وہ اس عظیم مقصد کیلیے قربانیاں دے رہے ہیں اور اسکی تکمیل تک قربانیاں دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر مظالم کی انتہا کر دی ہے مگر وہ ان کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکا ہے ۔انہوں نے پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیریوں کے حق میں قراداد پر چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے کشمیری شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں